سچ خبریں:اقوام متحدہ کے انڈر سکریٹری جنرل برائے سیاسی امور نے خبردار کیا ہے کہ روس اور یوکرین جنگ کے خاتمے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں بلکہ تنازعہ مزید بڑھتا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے انڈر سکریٹری جنرل برائے سیاسی امور روزمیری ڈی کارلو نے جمعے کے روز کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان اناج کی منتقلی کا معاہدہ عالمی غذائی بحران کے خاتمے میں مدد کرے گا، اپنی تقریر میں انہوں نے روس اور یوکرین سے تعاون کرنے کو کہا تاکہ اس معاہدے کو کامیابی سے نافذ کیا جا سکے۔
اقوام متحدہ کے انڈر سکریٹری جنرل برائے سیاسی امور نے مزید کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں بلکہ اس کے بجائے تنازعہ بڑھ گیا ہے، ڈی کارلو نے کہا کہ گرمیوں کے موسم کے اختتام کے ساتھ، ہمیں یوکرین میں جنگ کے سردیوں کے موسم میں پیدا ہونے والے نئے نتائج سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یوکرین کی جنگ میں شامل تمام فریقوں سے کہا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کریں، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے سیاسی امور کے نائب نے مزید کہا کہ یوکرین کے بحران کے حل کے لیے سیاسی کوششوں کے لیے کسی واضح افق کے نظر نہ آنے سے ہمیں تشویش ہو رہی ہے۔