سچ خبریں:صیہونی سابق عہدہ دار جائی معیان نے اپنی ایک ٹویٹر پوسٹ میں لکھا ہے کہ ہم اپنے سعودی چچا زاد بھائیوں کے درمیان قیام امن کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔
صبرا و شتیلا کے معروف جلاد اور خود ساختہ اسرائیلی ریاست کے سابق وزیر اعظم ایرل شیرون کے مشیر اور قریبی ساتھی، جائی معیان نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی بار کھیلوں کا اسرائیلی وفد سعودی عرب میں موجود ہے، جو ڈاکار ریلی میں شرکت کر رہا ہے۔
جائی معیان کے بقول یہ تاریخی دن ہے اور کھیل، چچا زاد بھائیوں کے درمیان قیام امن کی راہ ہموار کر رہا ہے! ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب آنے والے اسرائیلی وفد میں 5 افراد شامل ہیں جو اسرائیلی پاسپورٹ پر سعودی عرب میں داخل ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں اسرائیل کے تحفظ کے لیے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس نے مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا میں امریکی فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والے صدر دفاتر کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ نے امریکی سینٹرل کمانڈ سے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کو بقول انکے ان ’ممالک‘ کی فہرست میں شامل کرے، جو مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا میں فوجی کارروائیوں کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ اعلان اسرائیل کے بحرین، متحدہ عرب امارات، سوڈان اور مراکش کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے اعلان کے ضمن میں ہوا ہے، اس اعلان کے بعد غاصب اسرائیل امریکی سینٹرل کمانڈ کی نگرانی میں شامل اکیسواں رکن بن جائے گا۔