برسلز (سچ خبریں) یورپی یونین نے بھارتی، چینی اور روسی کورونا ویکسین لگوانے والوں کے بارے میں اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو افراد بھی ان ممالک کی تیار کردہ ویکسین لگوائیں گے انہیں یورپی یونین میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے بھارتی، چینی اور روسی کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو یورپی یونین میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے نئی سفری ہدایات کے مطابق بھارتی، چینی اور روسی ویکسین لگوانے والے یورپی یونین میں داخل نہیں ہوسکتے، صرف یورپی یونین کی مصدقہ ویکسین لگوانے والوں کوسفرکی اجازت ہوگی۔
یورپی یونین کی جانب سے کورونا کی 4 ویکسینز کی منظوری دی گئی ہے جن کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانے کے بعد ہی دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کو یورپی یونین میں داخلےکی اجازت ملے گی، یورپی یونین کی مصدقہ ویکسینز میں امریکا کی موڈرنا، فائزر، جانسن اینڈجانسن اور برطانیہ کی ایسٹرازینیکا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایف ڈی اے نے فائزر، میڈورنا، ایسٹرا زینیکا اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کی منظوری دی تھی جب کہ حال ہی میں چین کی کورونا سائنو فارم کی منظوری بھی دی ہے تاہم یورپی یونین کی ڈرگ اتھارٹی نے اب تک چین کی ویکسین کی منظوری نہیں دی ہے۔