کراچی: (سچ خبریں) اداکارہ حبا علی خان نے کہا ہے کہ انہیں چند سال قبل مقبول ڈرامے ’عشق زہے نصیب‘ میں زاہد احمد کی ماں کا کردار ادا نہ کرنے کا افسوس ہے، جس سے یمنیٰ زیدی کو شہرت ملی۔
حبا علی خان حال ہی میں مزاحیہ شو ’گپ شب‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہون نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کچھ ذاتی اور خاندانی مسائل کی وجہ سے کچھ عرصے تک شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی تھی لیکن اب وہ بہت مصروف چل رہی ہیں۔
ان کے مطابق وہ چار سال تک شوبز سے دور رہی تھیں، اب پہلے کے مقابلے اداکاری کرنا آسان بن چکا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں حبا علی خان نے بتایا کہ انہیں اگرچہ آج تک فلموں میں کام کی پیش کش نہیں ہوئی لیکن اگر اچھی اسکرپٹ ملی تو وہ ضرور کام کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر پاکستانی فلمیں نہیں دیکھتیں، انہوں نے آخری پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ دیکھی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں حبا علی خان نے اعتراف کیا کہ انہیں 2019 کے مقبول ڈرامے ’عشق زہے نصیب‘ میں ایک مختصر کردار ادا نہ کرنے کا افسوس ہے۔
ان کے مطابق مذکورہ ڈرامے میں جو مختصر کردار یمنیٰ زیدی نے ادا کیا تھا، پہلے انہیں پیش کش ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں انہیں زاہد احمد کی ماں (خیال رکھنے والی) کا کردار ادا کرنا تھا لیکن انہوں نے وہ کردار ادا نہیں کیا، جس پر انہیں افسوس ہے۔
حبا علی خان نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ کردار کے بعد ہی یمنیٰ زیدی کو شہرت ملی اور ان کا انڈسٹری میں نام بنا۔
خیال رہے کہ ’عشق زہے نصیب‘ کو 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں زاہد احمد نے دماغی مسائل کے شکار شخص کا کردار ادا کیا تھا۔