اسلام آباد: (سچ خبریں) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام کدر کے علاقے میں بھارتی قابض فورسز کی گھر گھر تلاشی مہم کے دوران 5 کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کرنے کی شدید مذمت کی ہے،انہوں نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں ۔
جمعے کو ا یک بیان میں مشتاق احمد بٹ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مسلسل معصوم نوجوانوں و شخصیات کی قتل و غارت کو بربریت اور منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظالم و جابر حکمرانوں اور فورسز نے نہتے کشمیریوں کو زیر کرنے کے لیے ظلم و ستم کی تمام حدیں پار کی ہوئی ہیں ، یہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی آر ایس ایس ،فسطائی حکمران اور فورسز کشمیری مظلوم عوام پر وحشیانہ طاقت کا استعمال کر کے اپنے مکرو و توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں ، وادی کشمیر کے طول و عرض میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں ،ظلم و تشدد ، قتل و غارت گری،پکڑ دھکڑ اور خوف وحراس جاری رکھاہوا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری ریاست جموں و کشمیر میں پھیلایا گیا دہشت کا ماحول جس میں معصوم شہریوں کی شہادت کے بعد ان کے میتیں لواحقین کو واپس نہ کرنا ،ان کی جسموں کی بے حرمتی کرنا ،املاک کی تباہی ، بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری اور پھر ان کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی آر ایس ایس حکومت اپنی تمام تر طاقت کے نشے کی بنیاد پر تحریک آزادی کشمیر کو انتہائی بہیمانہ طریقے سے کچلنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے عالم میں انسانی یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے اور میں اس دن کی مناسبت سے اقوام عالم ،انسانی حقوق کی تنظیموں ،ایمنسٹی انٹرنیشنل ،ایشیا واچ اور دیگر انسانیت سے پیار کرنے والے لوگوں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور بھارت کی فسطائی حکومت اور بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیر میں جاری تشدد ،زی عزت شہریوں اور نوجوانوں کا قتل عام ،کشمیریوں کے املاک کو نذر آتش کرنے ،کشمیر کی ڈیموگرافی میں تبدیلی،کشمیریوں کی اقتصادی تباہی اور بلا جواز گرفتاریوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں ،اس کا وعدہ اقوام عالم اور اس وقت کے ہندوستانی وزیر اعظم آنجہانی جواہر لال نہرو نے بھی کشمیریوں کے ساتھ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس ، شہدا کے وارث اور وعدہ بند ہیں کہ کشمیر کی مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Short Link
Copied