سرینگر: (سچ خبریں) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے دورے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے زمینی حقائق پر پردہ ڈالنے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، سرینگر سے جاری ایک بیان میں ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ مودی حکومت خطے میں نام نہاد ترقی کے جھوٹے بیانیے کو فروغ دے رہی ہے جبکہ حقیقت میں بھارتی فوج کے ذریعے وسیع پیمانے پر جبر اور ظلم کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارتی حکومت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی اور انصاف کی امنگوں کو دبانے میں مصروف ہے، تو دوسری جانب وہ اپنی ترقیاتی دعووں کو عالمی برادری کے سامنے بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے جس کا واحد مقصد خطے پر فوجی قبضے کو مضبوط کرنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں لگائی جانے والی سخت پابندیاں، اضافی فوجی چوکیاں، اور نگرانی کے اقدامات، مودی حکومت کے حالات معمول پر ہونے اور امن کے دعووں کی قلعی کھول رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ اقبال نے مزید کہا کہ بھارت کا جبر انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس میں آزادی اظہار پر پابندیاں، نقل و حرکت کی آزادی کا خاتمہ، اور بے بنیاد الزامات کے تحت کشمیریوں کی املاک ضبط کرنا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہیں، جو کشمیری عوام کو حق خودارادیت فراہم کرتی ہیں۔ ترجمان نے کہا، "بھارت کشمیریوں کے حقوق اور فلاح کو نظرانداز کرتے ہوئے مقبوضہ خطے کو اپنی کالونی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔”
ڈی ایف پی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جھوٹے دعووں اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کرے اور اسے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائے۔