سرینگر (سچ خبریں) بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کا قتل عام جاری ہے اور آئے دن متعدد کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے اہم اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری کو نبہاتے ہوئے کشمیریوں کو ان حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی قبضے اور فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مردو خواتین اور نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لئے سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طور پر نظربند خواتین رہنمائوں آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نصرین، پیلٹ گن کی متاثرہ عیشاطارق اورایک شہید نوجوان کی رشتہ دار کی تصاویرسے مزین پوسٹروں میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آزادی اور نظربندوں کی رہائی کے لئے متحدہوکر آواز اٹھائیں۔
پوسٹر ایک خاتون تنظیم بنٹ کشمیر کی طرف سے لگائے گئے ہیں، پوسٹر وں میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیاگیا ہے۔
پوسٹروں میں بھارت سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کی شناخت اور متنازعہ حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیئے 5 اگست 2019 کا فیصلہ واپس لے۔