سرینگر (سچ خبریں) بھارتی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کے 6 سو روز مکمل ہونے پر ایک اہم رپورٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی دہشت گرد فوج نے محاصرے کے دوران 7 خواتین سمیت 323 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو مسلط کیے گئے فوجی محاصرے کی وجہ سے کشمیریوں کی زندگی مسلسل اجیرن بنی ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے ہفتہ کو فوجی محاصرے کے 6 سو روز مکمل ہونے پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے اس عرصے کے دوران 7 خواتین سمیت 323 کشمیری شہید کیے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں 1ہزار 7سو 53 افراد شدید زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں مزیدکہا گیا کہ اس عرصے میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت کم از کم14 ہزار 6 سو 21 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے اکثر پر کالے قوانین لاگو کیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ فوجیوںنے اس عرصے کے دوران 1ہزار 8مکانات اور دیگر عمارتیں تباہ کیں جبکہ 106 خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔
دریں اثنا تحریک وحدت اسلامی نے لوگوں کو تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں سے آگاہ کرنے کیلئے رابطہ عوام مہم شروع کر دی ہے۔
تحریک وحدت اسلامی کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پارٹی رہنمائوں نے مہم کے سلسلے میں بانڈی پورہ میں ایک نشست کے دوران کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کشمیریوں کی مسلم شناخت، تہذہب و ثقافت ختم کرنا اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے۔