سرینگر: (سچ خبریں) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ورثائے شہدائے جموں وکشمیر نے معروف عالم دین ،شیخ الحدیث، مفسر قرآن، فضیل الشیخ حافظ عبدالسلام بن محمد بھٹوی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
عبدالسلام بن محمد بھٹوی جو ایک معروف عالم دین، عظیم مفسر قرآن ہونے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کے بڑے حامی اور حریت پسندوں کے استاد تھے کا 29مئی بروز پیر کو انتقال ہو گیا تھا ۔ ورثائے شہدائے جموں وکشمیر نے ایک بیان میں کہاہے کہ حافظ عبدالسلام بن محمد کی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ کشمیری حریت پسند انہیں اپنا استاد مانتے تھے اور ان سے رہنمائی حاصل کر تے تھے ۔ بیان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل ان کے سینکڑوں حریت پسند شاگر دوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیااوران کے ہزاروں شاگر د آج بھی جیلوں میں نظر بند ہیں ۔سرینگر میں الشیخ حافظ عبدالسلام بن محمد کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی اور سوگوار خاندان اور،ان کے شاگردوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاگیا۔ بیان میں ورثائے شہدائے جموں وکشمیر نے حافظ عبدالسلام بن محمد کو شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ انہوں نے درجنوں کتب تحریر کیں ۔
واضح رہے کہ حافظ عبدالسلام بن محمد کا 29مئی کو انتقال ہو گیا تھا اور انہیں اسی روز مریدکے میں سپرد خاک کیاگیا۔