سرینگر: (سچ خبریں) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک اور استصواب رائے کا مطالبہ جائز اور خالصتا جمہوری ہے جبکہ بھارت کا اٹوٹ انگ کا منترا قطعی طورپر بے بنیاد ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیرایک متنازعہ علاقہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید مناس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیربین الاقوامی سطح پر ایک اہم مسئلہ ہے کیونکہ یہ خطے کی تین ایٹمی طاقتوں پاکستان، بھارت اور چین سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ بھارتی تسلط یا بھارتی آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنے موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کشمیر پر جنگ سے بچنے کو ترجیح دیں گے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہمیشہ کے لیے حل کرنے کے لیے بامعنی مذاکراتی عمل شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی سیاسی اورجغرافیائی صورتحال میں تنازعہ کشمیر کا باعزت حل زیادہ دور نہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت خطے میں جنگ سے بچنے کے لیے بامعنی مذاکراتی عمل کو ترجیح دیں گے۔