سچ خبریں:برطانیہ کے شہر اولڈہم کے کشمیری نژاد مئر ڈاکٹر زاہد چوہان نے کشمیریوں کو یقین دلایا کہ وہ کشمیری ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
جموں و کشمیر تحریک حق خودارایت انٹرنیشنل کے ایک وفد نے پارٹی کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں اولڈہم کے کشمیری نژاد میئر ڈاکٹر زاہد چوہان سے ملاقات کی اور انہیں اولڈہم کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
راجہ نجابت حسین نے ڈاکٹر چوہان کو اولڈہم کا میئر منتخب ہونے پر کشمیری عوام کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر تحریک حق خودارایت انٹرنیشنل کی ٹیم کی جانب سے بھی مبارکباد دی۔
وفد نے اولڈہم کے میئر کو شمالی انگلینڈ میں پارٹی کی مستقبل کی سرگرمیوں میں شرکت اور رواں سال کے آخر میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے دورے کی دعوت دی۔
میئر ڈاکٹر زاہد چوہان نے بھی راجہ نجابت حسین کو ستارہ پاکستان ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور کشمیریوں کو یقین دلایا کہ وہ کشمیری ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے اپنی آواز بلند اور برطانیہ میں مقیم نوجوان کشمیریوں اور پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے تاکہ وہ مقامی سیاست اور برطانیہ، پاکستان اور آزاد کشمیر کی فلاح و بہبود میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
وفد میں کونسلر نائلہ شریف، راجہ راشد حسین، راجہ طارق جاوید، غلام مصطفی مغل اور محمد عارف شامل تھے۔