سرینگر: (سچ خبریں) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو کشمیریوں کی سرزمین، شناخت اورسالمیت پر ڈاکہ ڈالنے سے روکنے کے لیے مداخلت کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ سرینگر میں ہندو بھجن گانا اور اسکولوں، کالجوں، سڑکوں اور دیگر تاریخی مقامات کے مسلمان نام تبدیل کرنا جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے بھارتی ریاست کی نوآبادیاتی پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور انتخابی نقشے کوارسر نو ترتیب دینے کے لئے کشمیردشمن قوانین کے نفاذ سے کشمیریوں میں احساس عدم تحفظ بڑھ گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ ان قوانین کا مقصد خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور مقامی باشندوں کو ان کے وسائل، ملازمتوں، شناخت، ثقافت، زمینوں اور سب سے بڑھ کر ان کے حق خودارادیت سے محروم کرناہے جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ نے دے رکھی ہے۔شبیر شاہ نے ان قوانین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے دنیا کی بااثر حکومتوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مقامی آبادی کو تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی نوآبادیاتی مہم کا موثر نوٹس لیں۔بھارتی حکومت کے 5اگست 2019کے اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے حریت رہنما نے کہاکہ یہ اقدام کشمیریوں کی سیاسی، ثقافتی اور قومی شناخت مٹانے کی گہری سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس یکطرفہ اقدام نے خطے کو بے یقینی کی دلدل میںدھکیل دیا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کے فقدان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی کارکنوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے گروپوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں پر ظلم و ستم اورانہیں ڈرانا دھمکانا مودی حکومت کی کشمیر پالیسی کا خاصہ رہا ہے۔انہوں نے عالمی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔شبیرشاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی اورجبری قبضے کے خلاف بطور احتجاج 27اکتوبر کو مکمل ہڑتال کریں۔
دریں اثناء جیل میں نظر بندایک اورحریت رہنما مولوی بشیر عرفانی نے سینٹرل جیل سرینگر سے اپنے پیغام میں کہا کہ 27اکتوبرکو جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کا آغازہوا ہے،انہوںنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اسے یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اسی دن سے کشمیریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا تھاجوروز اول سے بھارتی قبضے اور دہشت گردی کی مزاحمت کررہے ہیں۔ڈیموکریٹک حریت فرنٹ کے چیئرمین چوہدری شاہین اقبال اور پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھی اپنے بیانات میں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی۔