اسلام آباد: (سچ خبریں) بھارت میں شہید بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کے بعد ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی نے اجمیر شریف میں مسلمانوں کی ایک اور مقدس درگاہ کی جگہ پر مندر کی تعمیر کیلئے مہم شروع کر دی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجمیر کی ایک عدالت نے صوفی بزرگ حضرت معین الدین چشتی کی درگاہ کی شیو مندر کے مقام پر تعمیرکے دعوے سے متعلق درخواست پر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا اور مودی حکومت کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔تاہم بعد ازاں بھارتی سپریم کورٹ نے آئندہ احکامات تک سروے کو روک دیا ہے ۔
2014میں نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے بھارت میں مذہبی تقسیم مزید گہری ہوگئی ہے ۔ ہندوتوا تنظیموں بی جے پی اورآر ایس ایس دانستہ طورپر مسلمانوں کو غیرملکی ثابت کر نے کی کوشش کرر ہی ہیں۔ بھارت بھر میں مسلمانوں کی جائیدادوں اور مذہبی مقامات کو انسداد تجاوزات مہم کی آڑ میں بلڈوز کے ذریعے مسمار کیا جا رہا ہے اور متنازعہ وقف ترمیمی بل بھی مودی حکومت کی اسی مہم کا حصہ ہے ۔
عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں دعویٰ کیاگیاہے کہ اجمیر میں صوفی بزرگ معین الدین چشتی کی درگاہ کے اندر شیو مندر موجود ہے ، جس کا مقصد مسلمانوں کے ثقافتی ورثے اور مذہبی مقامات پر ہندو انتہاپسندوں کاکنٹرول حاصل کرنا ہے ۔ایودھیا میں شہید بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر مسلمانوں کے مذہبی مقامات پر ہندوئوں کے قبضے کی پہلی کوشش تھی اور مودی حکومت کے تحت ہندوتوا گروپوں کی طرف سے درگاہ اجمیر شریف کو منہدم کرنے کی کوششوں میں تیزی آئی ہے ۔
ہندوتواتنظیموں کی یہ کوشش بھارت کی تاریخ کو دوبارہ تحریر کرنے کی ایک بڑی مہم کا حصہ ہے ۔مہم کے تحت ہندوتواگروپ ہندوستان کے مسلم حکمرانوں کو ظالم قرار دے رہے ہیں۔مودی کے دور حکومت میں بھارت میں مسلمانوں کے مقدس مذہبی مقامات کو مسلسل خطرہ لاحق ہے ۔ بھارت میں مودی حکومت نے مسلمانوں کو غیرملکی قراردینے کیلئے متنازعہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز کورائج کیا اوربھارت کی تاریخ سے مسلمانوںکے نقوش مٹانے کیلئے مسلم ثقافتی اورمذہبی مقامات کو مسمار کیاجارہاہے ۔