لاہور(سچ خبریں)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ماں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن پر کہا ہے کہ ہمارا ہر دن ماں کی محبت سے معمور ہونا چاہئے، آج میں جس مقام پر ہوں اس میں میری ماں کی دعائیں شامل ہیں ۔محبت ،پیار ،خلوص اور سچا جذبہ صرف ماں ہی سے ملتا ہے۔
ماں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہمارا ہر دن ماں کی محبت سے معمور ہونا چاہیے، ماں محبت، پیار، خلوص اور سچے جذبے کی انمول حقیقت ہے۔ ماں سے محبت عالمگیر جذبہ ہے، جو کسی دن کا محتاج نہیں
انہوں نے کہاکہ کورونا سے جاں بحق ہونے والی ماؤں کی اولاد کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔وزیر اعلیٰ کاکہنا تھا کہ انہیں اللہ کے فضل اور ماں کی دعاؤں سے وزارت اعلیٰ کا منصب ملا، آج بھی خود کو والدہ کی دعاؤں کا محتاج سمجھتا ہوں۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آج دنیا بھر میں ماں سے محبت کے اظہار کا دن منایا جارہا ہے لیکن ماں سے اظہار محبت کسی ایک دن تک محدود نہیں ہو سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرز پر مدرز ڈے کے موقع پر جاری کیئے گئے اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بات کہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ماں وہ ہستی ہے جو ہر وقت اولاد کے گرد دعاؤں کا حصار بناکے رکھتی ہے، ماں کسی بھی قیمت پر اپنی اولاد کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ یقیناً ماں کی کمی کسی انسان کی زندگی کا سب سے بڑا نقصان ہے۔فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا ہے کہ ماں اس ہستی کا نام ہے جس کا اس زمین پر کوئی نعم البدل ہو ہی نہیں سکتا۔