اسلام آباد(سچ خبریں) اس بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں صورتحال کافی سنگین ہے جس کے بعد پاکستان نے پاکستان نے کورونا وائرس کے سبب شدید بحرانی صورتحال سے دوچار پڑوسی ملک بھارت سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر امداد کی پیشکش کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کووڈ-19 کی موجودہ وبا کے دوران بھارت کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان باضابطہ طور پر امداد کی پیشکش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانیت کو ترجیح دینے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور بھارت کو وینٹی لیٹرز، ڈیجیٹل ایکسرے مشین اور دیگر ضروری حفاظتی آلات فراہم کیے جائیں گے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے متعلقہ حکام بھارت کو جلد از جلد ریلیف کی اشیا کی فراہمی کے طریقہ کار پر کام کریں گے اور اس وبا کے دوران درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے سلسلے میں مزید تعاون کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے سنگین حالات سے دوچار پڑوسی ملک بھارت کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ‘بھارتی عوام کو کورونا کی خطرناک لہر کا سامنا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، جبکہ ہمیں انسانیت کو درپیش عالمی چیلنج کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے’۔
گزشتہ روز پاکستان میں ‘IndiaNeedsOxygen’ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا نظر آیا اور وزیراعظم عمران خان سے اصرار کیا گیا تھا کہ وہ انسانی بنیادوں پر بھارت کے لیے امداد بھیجیں۔
دوسری جانب معروفی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مدد کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ریکارڈ تعداد میں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی کم پڑ گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 3 لاکھ 46 ہزار 786 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2 ہزار 624 ہلاک ہو گئے بھارت میں اب تک وائرس سے ایک کروڑ 66 لاکھ افراد متاثر اور ایک لاکھ 90 ہزار موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وبا کے عروج پر پہنچنے میں تین ہفتے لگیں گے اور ابھی بھی وائرس سے متاثرہ اور ہلاک افراد کی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
بھارتی حکومت کو وائرس کی نئی لہر سے نمٹنے کے لیے اقدامات نہ کرنے کے لیے شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ ملک کے سب سے بڑے میں مذہبی تہوار ‘کمبھ کے میلے’ کے ساتھ ساتھ انتخابی ریلیوں کے انعقاد کی وجہ سے اپوزیشن کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔
بھارت میں سب سے زیادہ متاثر دارالحکومت نئی دہلی کے جہاں آکسیجن کی کمی کے سبب کئی ہسپتالوں نے انتظامیہ اور حکومت سے فوری آکسیجن فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
جمعہ کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے وزیر اعظم نریندر مودی سے پریس کانفرنس میں مدد کی اپیل کی تھی انہوں نے کہا تھا کہ خدارا آکسیجن کے حصول میں ہماری مدد کریں، یہاں بڑا المیہ جنم لے سکتا ہے۔