کراچی سے غزہ تک امید کا سفر، پاکستانی کمپنی نے معذور فلسطینی بچوں کو مصنوعی بازو فراہم کر دیے

?️

کراچی: (سچ خبریں) غزہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ہاتھ اور ٹانگوں سے محروم ہونے والے معصوم بچوں کے چہروں پر ایک بار پھر خوشی لوٹ آئی ہے، پاکستانی اسٹارٹ اپ ’بائیونکس‘ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان بچوں کے لیے مصنوعی اعضا تیار کیے جنہوں نے ان کی زندگیوں کو آسان بنادیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق وہ لمحہ دل کو چھو لینے والا تھا جب آٹھ سالہ سدرا البردینی کلینک سے اپنی مصنوعی بازو کے ساتھ مہاجر کیمپ واپس پہنچی اور فوراً سائیکل پر سوار ہو گئی، یہ وہ لمحہ تھا جب اس نے ایک سال بعد پہلی بار دوبارہ سائیکل چلائی، غزہ میں ایک میزائل حملے نے اس کا بازو چھین لیا تھا۔

سدرا اُس وقت زخمی ہوئی تھی جب وہ نُصیرات اسکول میں پناہ لیے ہوئے تھی، جو ان اسکولوں میں سے ایک ہے جنہیں اسرائیلی حملوں سے بچنے کے لیے عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

اس کی والدہ صبریٰ البردینی کے مطابق غزہ کے تباہ حال نظامِ صحت اور علاقے سے باہر نکلنے میں ناکامی کے باعث بیٹی کا ہاتھ بچایا نہ جا سکا۔

انہوں نے فون پر بتایا کہ سدرا بہت خوش ہے، باہر کھیل رہی ہے اور اس کے تمام دوست اور بہن بھائی اس کے مصنوعی بازو کو حیرت سے دیکھ رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اللہ کی شکر گزار ہیں، بیٹی کو خوش دیکھ کر ان کا دل خوشی سے بھر گیا ہے اور وہ اپنے جذبات کو شاید الفاظ میں بھی بیان نہ کر سکیں۔

یہ بازو کراچی میں واقع ’بائیونکس‘ نامی پاکستانی کمپنی نے تیار کیا جو اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے مختلف زاویوں سے تصاویر لے کر تھری ڈی ماڈل تیار کرتی ہے اور انفرادی ضروریات کے مطابق مصنوعی اعضا بناتی ہے۔

کمپنی کے سی ای او انس نیاز کے مطابق 2021 سے اب تک بائیونکس پاکستان میں ایک ہزار سے زائد بچوں کو ان کے لیے تیار کردہ مصنوعی بازو فراہم کر چکی ہے جو مریضوں کی ادائیگی، کارپوریٹ اسپانسرشپ اور عطیات کے ذریعے ممکن ہوا۔

تاہم، یہ پہلا موقع تھا کہ کمپنی نے کسی تنازع سے متاثرہ علاقے کے بچوں کے لیے مصنوعی اعضا فراہم کیے۔

سدرا اور 3 سالہ حبیبت اللہ، جو غزہ میں اپنے دونوں بازو اور ایک ٹانگ کھو چکی ہے، نے کئی دن آن لائن مشاورت اور ورچوئل فٹنگز کے ذریعے گزارے۔

بعد ازاں انس نیاز کراچی سے اردن کے دارالحکومت عمان گئے اور کمپنی کی جانب سے پہلا بین الاقوامی مصنوعی بازو خود بچوں کو پہنچایا۔

سدرا کا بازو عمان میں موجود مفاز کلینک نے اسپانسر کیا، جب کہ پاکستانی عوام کی جانب سے دیے گئے عطیات نے حبیبت اللہ کے اعضا کے اخراجات پورے کیے۔

مفاز کلینک کی سی ای او انتسار عساکر کے مطابق بایونکس کا انتخاب کم لاگت، آن لائن سہولت اور فوری تکنیکی مدد کی بنیاد پر کیا گیا۔

انس نیاز کے مطابق ایک مصنوعی بازو کی قیمت تقریباً 2 ہزار 500 ڈالر ہے، جو امریکا میں تیار ہونے والے بازوؤں کی قیمت (10 سے 20 ہزار ڈالر) کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

اگرچہ بائیونکس کے بازو تکنیکی لحاظ سے امریکی مصنوعات سے کم پیچیدہ ہیں، تاہم یہ بچوں کے لیے مؤثر ہیں اور ان کا آن لائن طریقہ کار انہیں ترکیہ اور جنوبی کوریا جیسے ممالک کی مصنوعات سے بھی زیادہ قابلِ رسائی بناتا ہے۔

انس نیاز نے کہا کہ وہ دیگر تنازعات زدہ علاقوں، جیسے یوکرین کے متاثرین کے لیے بھی مصنوعی اعضا فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان کی کمپنی ایک عالمی ادارہ بننے کی راہ پر گامزن ہے۔

دنیا بھر میں اعلیٰ درجے کے مصنوعی اعضا زیادہ تر بالغ افراد کے لیے تیار کیے جاتے ہیں اور جنگ زدہ علاقوں کے بچوں تک شاذ و نادر ہی پہنچتے ہیں، حالانکہ بچوں کو ہلکے اور بار بار تبدیل کیے جانے والے اعضا کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

انس نیاز کے مطابق، وہ سدرا اور حبیبت اللہ کے لیے مستقبل میں اعضا کی تبدیلی کے اخراجات کے انتظام پر غور کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف چند پرزے تبدیل کرنا ہوں گے، باقی اجزا دوبارہ کسی اور بچے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

بائیونکس بعض اوقات بچوں کے مصنوعی اعضا میں معروف فلمی کرداروں جیسے مارول کے آئرن مین یا ڈزنی کی ایلسا کی جھلک شامل کرتا ہے، جس سے بچوں کو انہیں قبول کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور وہ روزمرہ زندگی میں انہیں بہتر طریقے سے استعمال کر پاتے ہیں۔

’آخرکار باپ کو گلے لگا سکوں گی‘

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے ’او سی ایچ اے‘ کے مطابق غزہ میں اب تک 4 ہزار 500 سے زائد نئے معذور افراد سامنے آچکے ہیں، جب کہ پہلے سے موجود 2 ہزار کیسز بھی موجود ہیں جن میں اکثریت بچوں کی ہے، یہ دنیا میں فی کس معذوری کے بدترین بحرانوں میں سے ایک بن چکا ہے۔

فلسطینی ادارہ شماریات کی اپریل 2024 کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے بعد سے اب تک کم از کم 7 ہزار بچے زخمی ہو چکے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں ایک تہائی سے زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق غزہ کا صحت کا نظام مکمل طور پر زمین بوس ہو چکا ہے اور اسرائیلی سرحدی بندشوں کے باعث اہم طبی سامان ختم ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے زخمیوں کو خصوصی علاج کی سہولت میسر نہیں۔

برطانیہ کے شہر لیڈز میں واقع پروایکٹو پروستھیٹک کلینک کے منیجر اسد اللہ خان نے کہا کہ جب طبی ماہرین اور مریضوں کا آمنے سامنے ملاقات کرنا ممکن نہ ہو، تو ریموٹ علاج اس خلا کو پُر کرتا ہے اور معائنہ، فٹنگ اور فالو اپ جیسے مراحل بغیر سفر اور مہنگے مراکز کے ذریعے ممکن بناتا ہے۔

سدرا اب بھی اپنے نئے ہاتھ کو اپنانے کے مراحل سے گزر رہی ہے، جس پر اس نے اب ایک چھوٹا سا کنگن پہن رکھا ہے۔

گزشتہ ایک سال میں جب بھی وہ دونوں ہاتھوں سے دل بنانے کی کوشش کرتی تھی، تو اسے کسی دوسرے کی مدد درکار ہوتی تھی، مگر اب، اس نے خود دل کی شکل بنائی، تصویر لی اور اپنے والد کو بھیج دی جو تاحال غزہ میں محصور ہیں۔

سدرا نے کہا کہ اسے سب سے زیادہ انتظار اس لمحے کا ہے جب وہ اپنے والد سے ملاقات کرے گی اور انہیں دونوں ہاتھوں سے گلے لگائے گی۔

مشہور خبریں۔

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر نیتن یاہو کی کابینہ میں پھوٹ

?️ 23 ستمبر 2023سچ خبریں:ہصیہونی حکومت کی واللانیوز ویب سائٹ نے سعودی عرب کے ساتھ

ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

?️ 19 نومبر 2021اسلام آباد (سچ خبریں)  تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار

امریکہ کو ایران کے بجائے دیمونا پر بمباری کرنی چاہیے تھی:  ترکی الفیصل

?️ 28 جون 2025سچ خبریں: سابق سعودی خفیہ سربراہ ترکی الفیصل نے "نیشنل ٹاک” میں

امریکی طلباء کی تعلیم چھوڑنے کی شرح میں اضافہ

?️ 2 مئی 2022سچ خبریں:نئے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ پچھلے چھ مہینوں میں

اسٹیٹ بینک نے پلاسٹک کے کرنسی نوٹ جاری کرنے کی تردید کردی

?️ 17 مارچ 2024اسلام آباد: (سچ خبریں) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پلاسٹک کے نوٹوں کی

الجولانی کے گروہ کا خفیہ آپریشن؛قتل عام کے ثبوت مٹانے کی کوشش  

?️ 13 اپریل 2025 سچ خبریں:مطلع ذرائع نے الجولانی سے وابستہ دہشت گردوں کے ایک

جرمنی میں ہم جنس پرستی پر تنقید کی وجہ سے مسلمان بچہ اپنے خاندان سے جدا

?️ 30 اپریل 2023سچ خبریں: ایک ویڈیو آن لائن شائع ہوئی ہے جس میں دکھایا گیا

اسلام آباد پولیس کا اعلیٰ انتظامیہ سے بنی گالا کے سرچ وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ

?️ 27 اگست 2022اسلام آباد:(سچ خبریں) اسلام آباد پولیس نے اعلیٰ انتظامیہ سے ڈاکٹر شہباز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے