اسلام آباد (سچ خبریں) عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے کی پرواز چین سے کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ لیکر اسلام آباد پہنچ گئی۔ محکمہ صحت کی جانب سے چین سے لائی گئی ویکسین فیڈرل ای پی آئی کے مرکزی ویئر ہاؤس منتقل کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے چین سے سائنیو فارم ویکسین کی چھ لاکھ سے زائد خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئی۔پاکستان نے 20 لاکھ سائینو فارم خوراکیں چینی کمپنی سےخریدی ہیں، گزشتہ دو روز میں 20 لاکھ کرونا ویکسین کی خوراکیں لائی جا چکی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے چین سے لائی گئی ویکسین فیڈرل ای پی آئی کے مرکزی ویئر ہاؤس منتقل کردی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز چین سے 13 لاکھ 20 ہزار سائنو فام خوراکیں اسلام آباد پہنچائی گئی ہیں، سائنو فام ویکسین صوبوں کو حسب ضرورت فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 445 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 67 ہزار 580 ہوگئی۔
ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 61 ہزار 639 ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 55 ہزار 2 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 64 لاکھ 48 ہزار 406 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.09 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 4 ہزار 282 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔