پشاور: (سچ خبریں) پی ٹی آئی نے 21 ستمبر کو لاہور میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس 19 ستمبر کو پشاور میں ہوگا، اجلاس میں لاہور جلسے کی حکمت عملی طے کی جائے گی، اجلاس میں جلسے کیلئے روانگی اور مقام کا پلان ترتیب دیا جائے گا، جلسے کے لیے خیبرپختونخوا کے قافلوں کی قیادت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کریں گے۔
پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ آئینی ترامیم جمہوریت پر حملہ ہے اور ہم اس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے سوچا کیسے یہ جمہوریت کے ہوتے ہوئے ایسا بل لائیں گے، ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم پارلیمنٹ میں ان کو شکست دیں گے، ہم اپنے جائز حق کے لیے کھڑے رہیں گے، آئینی ترمیم کی منظوری تو دور کی بات ہے انہیں اسے اسمبلی میں پیش کرنے کی جرات بھی نہیں ہوگی۔
ادھرپاکستان تحریک انصاف نے 21 ستمبر کو مینار پاکستان جلسہ کے لیے این او سی کی درخواست دیدی، پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے 21 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور کے جلسے کے این او سی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست جمع کروادی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور ایک پرامن جماعت ہے، جلسہ کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، اس حق کے تحت ہمیں 21 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور جلسہ کا این او سی جاری کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ اب ہمیں اجازت ملے یا نہ ملے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے، دنیا میں کہیں بھی کسی جلسے کا ٹائم مقرر نہیں کیا جاتا، جلسہ کیا ہوٹل کی تقریب تھی جو وقت پر ختم ہو جاتا، اسٹیبلشمنٹ دھوکے باز ہے، اب ان سے کوئی بات نہیں کرنی، یہ آج بھی یحییٰ خان والی پالیسی کو لے کر چل رہے ہیں، انہوں نے شیخ مجیب کو دھوکہ دیا ہمارے ساتھ بھی یہی کر رہے ہیں، ملک میں اس وقت غیر اعلانیہ مارشل لاء ہے، ایک ڈنڈا پکڑے آدمی فیصلہ کرتا ہے اور وہ اس ملک کا قانون بن جاتا ہے، اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے کہ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کو بچائیں۔