اسلام آباد: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سازی کیلئے حکمتِ عملی طے کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر کور کمیٹی نے کہا کہ عام انتخابات سے متعلق عالمی سطح پر تشویش پر دفترِخارجہ کا ردِعمل مضحکہ خیز ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے وفاق میں حکومت سازی کے لیے ارکان اسمبلی سے رابطوں کی ذمے داری بیرسٹر عمیر نیازی کے سپرد کی گئی ہے، عمیر خان نیازی میانوالی کے حلقہ این اے 90 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، صوبہ خیبر پختونخوا میں نومنتخب ارکان سے رابطے کی ذمے داری علی امین گنڈاپور کو سونپی گئی ہے، پنجاب میں نو منتخب ارکان سے میاں اسلم اقبال رابطہ کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ کچھ حلقوں کے فارم 47 نہیں دیے گئے، 60 کے قریب سیٹیں ہماری ہیں، جو ہم سے چھینی گئیں، ہم واپس لیں گے، ثبوت پیش کرنے میں تاخیر نہیں کریں گے، ٹریبونل جلد فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھنا ہوگا اتنی زیادہ سیٹوں پر فیصلہ آنے تک کیا حکومت سازی کا عمل روکا جاسکے گا یا نہیں، پنجاب میں حکومت بنانے کی بالکل کوشش کریں گے، خیبرپختونخوا میں تو ہماری حکومت بن چکی ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں، دیگر جماعتیں منڈیاں لگاتی رہی ہیں، ہم منڈی لگانے والی پارٹی نہیں ہیں، ہم نے سوچ سمجھ کر امیدواروں کو ٹکٹیں دی تھیں، ہم پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم کا کیس لڑیں گے۔