اسلام آباد: (سچ خبریں) پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کے بعد پہلی فلائٹ 10 جنوری 2025 کو اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کے بعد پہلی فلائٹ 10 جنوری 2025 کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز اسلام آباد سے پیرس کے لیے روانہ ہوگی۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی جن کو بتدریج بڑھایا جائے گا، یہ پروازیں جمعہ اور اتوار کے دن آپریٹ ہوں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یورپ کے لیے پروازوں کا شیڈول مسافروں کی سہولت کی حساب سے انتہائی پرکشش ہے، اسلام آباد سے پرواز صبح ساڑھے 11 بجے روانہ ہوگی اور سہہ پہر 4 بجے پیرس پہنچے گی۔
اس کے علاوہ پیرس سے پرواز شام 6 بجے روانہ ہوگی اور صبح 5 بجے اسلام آباد پہنچے گی، شیڈول کی سہولت ایسی ہے کہ مسافر ناشتہ پاکستان میں اور دوپہر کا کھانا پیرس میں کھائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یورپی یونین کی ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے یورپ میں فلائٹ آپریشن پر عائد پابندی ختم کی تھی۔
یاد رہے جون 2020 میں اُس وقت کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا تھا کہ کمرشل پائلٹس کی ایک بڑی تعداد نے ’مشکوک لائسنس‘ حاصل کر رکھے ہیں۔
جس کے بعد یکم جولائی 2020 کو یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے یورپی ممالک کے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کے لیے عارضی طور پر معطل کردیا تھا، بعد ازاں 8 اپریل 2021 کو یورپین یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے پر سفری پابندیوں میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی تھی۔
15 ستمبر 2024 کو کراچی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پی آئی اے پروازوں کی یورپ اور برطانیہ میں بحالی کے حوالے سے معاملے پر اہم پیشرفت سے آگاہ کیا گیا تھا۔
بورڈ ارکان کو آگاہ کیا گیا کہ پائلٹس کے لائسنس امتحان کے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کر کے بحال کر دیا گیا ہے جس سے فلائٹ سیفٹی کے معیار میں بہتری آئی ہے۔
مزید بتایا گیا تھا کہ نومبر میں یورپین ایئر سیفٹی ایجنسی اس معاملے پر جائزہ لے گی، اور اب تک کیے گئے اقدامات کے پیش نظر امید ہے کہ رواں سال کے دوران پی آئی اے کی برطانیہ اور یورپ میں پروازیں بحال ہو جائیں گی۔
یورپی یونین کے اوپر سے پرواز کرنے والی تمام کمرشل اور چارٹرڈ پروازوں کو ٹی سی او کی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوتی ہے، ٹی سی او کو 2016 میں نافذ کیا گیا تھا جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ یورپی ممالک میں چلنے والے تمام طیارے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کے حفاظتی معیارات کے مطابق ہوں۔
تمام کمرشل پروازیں ٹی سی او کی اجازت حاصل کرنے کے لیے اپنے طیاروں اور ان سیفٹی پروگرام سے متعلق معلومات یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کو جائزے کے لیے جمع کرواتے ہیں۔