اسلا م آباد(سچ خبریں)وزیر داخلہ نے عمران خان کو انتخابات پر بات چیت کی پیشکش کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا کرنے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن عمران خان کی ضد اور غیر جمہوری رویوں کی وجہ سے اتحادیوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر الیکشن نہیں کراسکتے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان بیٹھ کر بات کریں، انتخابات اکتوبر میں کرانے ہیں یا آگے، یہ چیزیں حل ہوسکتی ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا نام فی الحال ای سی ایل پر نہیں، سابق وزیراعظم نے جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کے شواہد موجود ہیں، انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف دو صورتوں میں بڑھ سکتا ہے، حکومت اجازت دے یا سپریم کورٹ، اس کے سوا کوئی مارچ نہیں آسکتا۔
گزشتہ روز وفاقی زیر داخلہ رانا ثنااللہ نے مختلف ٹی وی پروگرامز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دل سے سمجھتا ہوں یہ آدمی ملک میں فتنہ پھیلا اور نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے ، اس لیے عمران خان کو گرفتار کرنے کا میرا پکا ارادہ ہے ، عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان میں سے کسی نے خودکشی یا خودکش حملہ کیا تو میں ذمہ دار ہوں گا ، یہ ایسا کچھ نہیں کریں گے ، یہ صرف بھڑکیں لگا رہے ہیں ، ریاست ان چیزوں سے بلیک میل نہیں ہوگی ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے 25 مئی کو دارالحکومت پر دھاوا بول کر جرم کیا ہے، فوجداری مقدمات میں عمران خان کی گرفتاری سے متعلق کابینہ کے فیصلے کی ضرورت نہیں ، جو فوجداری مقدمات میں یہ لوگ ضمانتوں پر ہیں ان پر اپنا موقف رکھیں گے ، جب ان کی ضمانتیں منسوخ ہوں گی تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا ، عدالت کا ان کے کیسز سے متعلق جو فیصلہ ہو گا اس کا احترام کریں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان جرم کے مرتکب ہوئے ہیں، عمران خان نے پورے ملک میں انتشار کی مہم شروع کی، عمران خان لشکر کے ساتھ وفاق پر چڑھائی کرنا چاہتے تھے ، اس دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے بھی حلف کی خلاف ورزی کی ، ملزم کو گرفتار کرنا ریڈ لائن کیسے ہوسکتا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتا تھا اس کے مقابلے کے لیے سامنے موجود ہیں اس لیے واپس گیا ، عمران خان ڈی چوک کی طرف بڑھنے کی پوزیشن میں ہوتے تو وہ آگے بڑھتے ، عمران خان کے خلاف ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ انہوں نے کس طرح منصوبہ بندی کی، اسلام آباد میں چڑھائی کی گئی اس میں ہمیں کیا ثابت کرنا ہوگا؟۔ عمران خان نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔