لاہور: (سچ خبریں)کینٹ کچہری لاہور نے 16 اپریل کو ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران پنجاب اسمبلی حملہ کیس میں پولیس کی درخواست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 12 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
پولیس نے صبح عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی، اس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی پر مبینہ حملے کے الزام میں سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ محمد مدثر حیات نے یہ وارنٹ جاری کیے۔
پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے پرویز الہٰی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے چند ہفتوں بعد یہ پیش رفت سامنے آئی۔
اس واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تھانہ قلعہ گجر میں اسی روز درج کروائی گئی تھی، جس میں دفعہ 324 (اقدام قتل)، دفعہ 353 (سرکاری ملازم فرض کی ادائیگی سے روکنے کے لیے حملہ یا مجرمانہ قوت کا استعمال)، دفعہ 186 (عوامی خدمت میں رکاوٹ) اور دفعہ 427 (نقصان پہنچانا) شامل کی گئی ہیں۔
عدالت میں دی جانے والی درخواست میں پولیس کا موقف تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو پکڑنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ دانستہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے پیش نہیں ہو رہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کرنی ہے۔
لاہور پولیس نے آج رانا مشہود کے گھر چھاپہ مارا جبکہ نشریاتی اداروں نے گیٹ کے باہر پولیس اہلکاروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کی۔
رانا مشہود نے جیو نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پولیس نے آج ان کے گھر چھاپہ مارا، پولیس والے واپس چلے گئے کیونکہ میں گھر پر موجود نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ
انتقامی ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہی ہے، ان کی پارٹی مزید چھاپے مارنے کی اطلاع دی ہے لیکن ہم اس طرح کے ہتھکنڈوں کے سامنے نہیں جھکیں گے اور تمام مقدمات کا سامنا کریں گے۔
پی ایم ایل (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے ٹوئٹ میں کہا کہ وارنٹ گرفتاری میں، مجھ سمیت میرے چھوٹے بھائی بلال تارڑ کا نام شامل کرنا چودھری پرویز الٰہی کی طرف سے ان احسانات کا بدلہ ہے جو ہمارے بزرگوں نے ساری عمر ان پر کیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پورے خاندان کا نام بھی ڈال دو، انشاءاللہ جھکنے والے نہیں، مقدمہ مضحکہ خیز ہے۔
پی ایم ایل (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے ٹوئٹ میں کہا کہ سینئر رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری اور چھاپے قابل مذمت اور آمرانہ سوچ کے عکاس ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی کی ایما پر فسطائی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلم لیگ ن کے حوصلے نہیں ٹوٹیں گے، ایسی انتقامی سوچ ہماری جمہوری روح کا بال تک بیکا نہیں کر سکتی۔
گزشتہ ہفتے پولیس نے اسی کیس میں سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے قریبی ساتھی عطا اللہ تارڑ کے خلاف کارروائی کی تھی۔
پولیس کی ایک ٹیم نے شہر میں پی ایم ایل (ن) کے دونوں رہنماؤں کے گھروں پر چھاپہ مارا تھا تاہم ملزمان دارالحکومت میں تھے اس لیے وہ خالی ہاتھ واپس چلے گئے تھے۔
ڈان نے پہلے بتایا تھا کہ پی ایم ایل (ن) کے رہنما گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی محفوظ حدود میں پناہ لے لی، جہاں ان کی پارٹی کی حکومت ہے۔
پنجاب اسمبلی میں 16 اپریل کو شدید ہنگامہ آرائی کے دوران ووٹنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز 197 ووٹ حاصل کرکے پنجاب کے 21ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے جبکہ حریف امیدوار پرویز الہٰی کی جماعت مسلم لیگ (ق) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایوان سے مخاطب ہوکر کہا تھا کہ آج جمہوریت کی کامیابی ہوئی ہے۔
اجلاس کی صدارت کے لیے دوست محمد مزاری ایوان میں پہنچے تھے تو حکومتی اراکین اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کی نشست کا گھیراؤ کرلیا، اس دوران ان کی جانب لوٹے بھی اچھالے گئے اور ان کے بال بھی نوچے گئے، جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کو سخت سیکیورٹی میں ایوان سے باہر لے جایا گیا۔
دریں اثنا حکومت اور اپوزیشن اراکین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی ، صورتحال پر قابو پانے کے لیے ایس ایس پی آپریشنز کے ہمراہ پنجاب پولیس کی بھاری نفری پنجاب اسمبلی پہنچی تھی۔
اس دوران اسمبلی کے اندر موجود پرویز الہٰی نے مسلم لیگ (ن) پر پولیس کو ایوان کے اندر لانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ‘پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ پولیس ایوان میں آئی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کون ہوتی ہے جو اسمبلی میں داخل ہو؟
بعد ازاں بلٹ پروف جیکٹس میں ملبوس اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار پنجاب اسمبلی کے پرانے گیٹ سے ایوان میں داخل ہوئے تھے۔
پولیس نے ارکان صوبائی اسمبلی کو اسپیکرڈائس سے ہٹایا اور اسپیکر ڈائس کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔