کراچی: (سچ خبریں) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو مندی کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 75 ہزار کی سطح سے نیچے گر گیا ہے دوپہر ڈیڑھ بجے بینچ مارک 100 انڈیکس 599اعشاریہ51 پوائنٹس کی کمی سے 74ہزار917سو97 پر آگیا. آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباﺅدیکھا گیا او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایس این جی پی ایل، ایچ بی ایل اور این بی پی میں مندی کا رجحان رہا.
ماہرین نے فروخت کے دباﺅ کی وجہ آئندہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں حکومت کی جانب سے متوقع اقدامات کو قرار دیا حکومت کا مقصد مالی نظم و ضبط حاصل کرنا اور اپنے ٹیکس محصولات میں اضافہ کرنا ہے. رپورٹ کے مطابق فنانس بل 2024 کے ذریعے ٹیکس قوانین میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں تاکہ ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی مالی ٹرانزیکشنز کی لاگت میں اضافہ کیا جاسکے اور 2024-25 میں 300 سے 400 ارب روپے کے انفورسمنٹ اقدامات متعارف کرائے جائیں.
بزنس ریکارڈر کے مطابق فنانس بل 2024 میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیجیٹل انوائسنگ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے تمام بڑے کاروباری اداروں کی سپلائی چینز کو دستاویزی شکل دینے کے اختیارات میں بھی اضافہ ہوگا یاد رہے کہ پیر کے روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی فروخت کا دباﺅ دیکھا گیا تھا کیونکہ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے دوران 466 پوائنٹس کی کمی سے 75ہزار517سواعشاریہ49پر بند ہوا تھا بدھ کو عالمی سطح پر چین کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا آئی ایم ایف نے کہا کہ پہلی سہ ماہی کے دوران چین کی معیشت کی شرح نمو 5 فیصد رہنے کا امکان ہے خطے بھر میں ایم ایس سی آئی کا ایشیا ایکس جاپان اسٹاک انڈیکس 1.20 فیصد جبکہ جاپان کا نکی انڈیکس 0.43 فیصد کم رہا.
دوسری جانب عالمی و مقامی مارکیٹوں میں بدھ کو سونے کے نرخ میں اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 24سو روپے اضافہ ہوا ہے عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 13 ڈالر کے اضافے سے 2ہزار352 ڈالر فی اﺅنس ہونے سے سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 2 ہزار 400 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 42 ہزار 700 روپے پر جاپہنچا ہے. اسی طرح دس گرام سونا 2058 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 8 ہزار 76 روپے کا ہوگیا واضح رہے کہ منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کی کمی دیکھی گئی تھی دریں اثناءچاندی کی فی تولہ قیمت 100 روپے کے اضافے سے 2900 روپے ہوگئی.