اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرمملکت علی محمد خان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اعلیٰ سطح پر کرپشن کا خاتمہ کردیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ ملک کو گزشتہ 70 سال سے مختلف بہانوں سے لوٹا گیا اوراداروں کو تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو آگے کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے مہنگائی کی لہر موجود ہے تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین ماہ میں مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کرپشن اور احتساب پر کوئی سمجھو تہ نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان میں کرپشن میں مزید اضافے کے حوالے سے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے 180ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کردیا، جس میں پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16درجے اوپر چلا گیا ہے۔
ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کے مطابق پاکستان 180ممالک میں سے 140 ویں نمبر پر آگیا ہے، کرپشن پرسیپشن انڈیکس اسکورکا کم ہونا بدعنوانی میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔2021 میں پاکستان کا اسکور 28 رہا، 2020 میں 31 جبکہ 2019 میں اسکور 32 تھا ، پی ٹی آئی کے تین سالہ دور حکومت میں چاردرجےتنزلی ہوچکی۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس پر ڈنمارک، فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور ناروے کی صورتحال سب سے بہترین رہی، جبکہ سنگاپور، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈز اور لکسمبرگ میں بھی کرپشن نہ ہونے کے برابر ہے۔