اسلام آباد(سچ خبریں)پرائم منسٹر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ کی ملاقات ہوئی ہے ، جس میں ملکی سلامتی کے امور ، سیکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سول اور عسکری قیادت کے مابین ہونے والی یہ اہم ملاقات کافی دیر تک جاری رہی، اس کے علاوہ پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور بھی اس اہم ملاقات میں زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات پرائم منسٹر ہاؤس میں ہوئی، ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک تھے۔ میڈیا ذرائع کی طرف سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق اس اہم ملاقات میں خاص طور پر ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ خطے کی صورتحال اور ملکی سلامتی سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کرونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی، کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں کووڈ ویکسی نیشن سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے کرونا وبا کی تیسری لہر کے باعث ایس او پیز پر موثر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، کابینہ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ رمضان المبارک میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے پیداصورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیر داخلہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔