?️
نیویارک: (سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف آج سے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی حصے میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے، جہاں وہ عالمی برادری کی توجہ غزہ کے ’ سنگین بحران’ کی جانب مبذول کراتے ہوئے فلسطینی عوام کی تکالیف ختم کرنے کے لیے ’ فیصلہ کن اقدامات’ کی اپیل کریں گے۔
ہر سال ستمبر میں دنیا کے رہنما نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے جمع ہوتے ہیں اور کئی دنوں تک تقریریں کرتے ہیں۔
حکومت پاکستان کے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق اس سال جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیرِاعظم شہباز شریف عالمی برادری سے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل قبضے اور حقِ خودارادیت سے انکار کے مسائل کو حل کرنے کی اپیل کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم علاقائی سلامتی کی صورتِ حال کے ساتھ ساتھ دیگر عالمی مسائل مثلاً ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی پر بھی پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
بیان کے مطابق وزیرِاعظم کی ’ اس سب سے بڑی سالانہ عالمی رہنماؤں کی کانفرنس میں شرکت پاکستان کے کثیرالجہتی نظام اور اقوامِ متحدہ سے پختہ عزم اور امن و ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو اجاگر کرے گی۔’
وزیرِاعظم پیر کی رات لندن سے روانگی کے بعد نیویارک پہنچے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، دیگر وزراء اور اعلیٰ حکام بھی ہیں۔
جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم آسٹریا کے چانسلر کرسچین اسٹوکر، کویت کے ولی عہد و وزیرِاعظم شیخ صباح الخالد، عالمی بینک کے صدر اجے بانگا اور آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
حکومتی بیان کے مطابق وزیراعظم ان دوطرفہ ملاقاتوں میں عالمی رہنماؤں اور اعلیٰ یو این حکام سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ’ وہ اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ کام کرنے، چارٹر کی پاسداری، تنازعات سے بچاؤ، امن کے فروغ اور عالمی خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کریں گے۔’
مزید یہ کہ وہ متعدد اعلیٰ سطحی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے، جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس، ’ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو’ کے تحت ’ اپنے اصل عزائم کی تجدید، عالمی ترقی کے روشن مستقبل کے لیے متحد’ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی اجلاس اور ماحولیاتی اقدامات پر خصوصی اعلیٰ سطحی تقریب شامل ہیں۔
ٹرمپ کی عرب، مسلم رہنماؤں سے ملاقات
نیویارک میں وزیرِاعظم شہباز شریف عرب اور مسلم ممالک کی خصوصی سربراہی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، جو امریکا اور قطر کی میزبانی میں ہو رہی ہے اور اس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شریک ہوں گے۔
وزیرِاعظم کو اس اجلاس میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ ٹرمپ سعودی عرب، یو اے ای، قطر، مصر، اردن، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ایک کثیر الجہتی ملاقات کریں گے۔
اس معاملے سے واقف ایک شخص نے رائٹرز کو بتایا کہ اجلاس میں غزہ کے مسئلے پر بات ہوگی۔
ایکسِیوس کے مطابق ٹرمپ اجلاس میں غزہ میں جنگ کے بعد امن اور حکومتی انتظامات کا ایک منصوبہ پیش کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے علاوہ اسرائیلی انخلا اور غزہ کی بعد از جنگ حکمرانی پر امریکی منصوبوں پر بھی بات کریں گے، جن میں حماس کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
ایکسِیوس نے مزید کہا کہ واشنگٹن عرب اور مسلم ممالک سے چاہتا ہے کہ وہ غزہ میں افواج بھیجنے پر رضامند ہوں تاکہ اسرائیل کے انخلا میں مدد ملے اور عبوری و تعمیرِ نو پروگراموں کے لیے فنڈنگ فراہم ہو سکے۔
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نیویارک میں
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے آغاز سے قبل پیر کو فرانس اور موناکو نے نیویارک میں اعلیٰ سطحی کانفرنس میں فلسطین کی ریاست کو باضابطہ تسلیم کر لیا۔
وزیرِخارجہ اسحٰق ڈار، جو اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے، مقررین میں شامل نہیں تھے، مقررین میں ترکی، آسٹریلیا، برازیل اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے سربراہان شامل تھے۔
تاہم انہوں نے ایکس پر کئی ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلانات کا خیر مقدم کیا۔
سرکاری ٹی وی پی ٹی وی نیوز کے مطابق اسحٰق ڈار نے آج جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر کینیڈین وزیرِخارجہ انیتا آنند سے ملاقات کی۔ ’ دونوں نے پاکستان-کینیڈا تعلقات کی مثبت سمت کو سراہا، اقتصادی و تجارتی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور کینیڈا میں پاکستانی ڈائسپورا کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔’
اسحٰق ڈار نے ایکس پر شامی صدر احمد الشراء کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔ اسحٰق ڈار نے کہا کہ انہوں نے ’ شامی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا ’ اور دونوں نے پاکستان-شام تاریخی دوستی کو تجارت، انسانی وسائل اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیرِخارجہ نے خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسیم محمد البداعوی سے بھی ملاقات کی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران ڈار نے پاکستان کے لیے جی سی سی سے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستان اور جی سی سی کے درمیان ادارہ جاتی روابط وسیع کرنے پر بات چیت کی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِخارجہ نے آج اپنے ہنگری کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ’ دونوں فریقین نے باہمی سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے کی جلد تکمیل، شہری ہوا بازی میں تعاون کے معاہدے اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز اور سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا ختم کرنے کے معاہدے کی تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔’
گزشتہ روز وزیرخارجہ نے یو این ہیڈکوارٹرز میں دولتِ مشترکہ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں حصہ لیا تھا۔ وہ قطر کے وزیراعظم و وزیرِخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کی میزبانی میں ہونے والی مشاورت میں بھی شریک ہوئے۔ دیگر شرکاء میں اردن اور یو اے ای کے نائب وزرائےاعظم اور مصر، انڈونیشیا، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ شامل تھے۔ انہوں نے اپنی کینیڈین ہم منصب انیتا آنند سے بھی ملاقات کی۔


مشہور خبریں۔
استقامت اسلام اور انقلاب اسلامی ایران کی گہرائی سے شروع ہوئی: حزب اللہ
?️ 3 جولائی 2022سچ خبریں: لبنان کی حزب اللہ تحریک کی سیاسی کونسل کے سربراہ
جولائی
تبدیلی کی لہرمافیا کو روندتی ہوئی آگے بڑھ رہی ہے: فردوس عاشق
?️ 29 جولائی 2021لاہور (سچ خبریں) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے
جولائی
چین اور بھارت روس کی جنگی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں:فن لینڈ کا وزیر دفاع
?️ 13 نومبر 2025 چین اور بھارت روس کی جنگی معیشت کو سہارا دے رہے
نومبر
آئی ایم ایف کا 4 بینکوں کی ری کیپٹلائزیشن کیلئے ’تیز کارروائی‘ کا مطالبہ
?️ 21 جولائی 2023اسلام آباد:(سچ خبریں) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے
جولائی
عمران خان چاہتے ہیں کہ مذاکرات کیلئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے، بیرسٹر گوہر
?️ 24 دسمبر 2024راولپنڈی: (سچ خبریں) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے
دسمبر
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید 2 نوجوان شہید
?️ 23 مارچ 2023سری نگر: (سچ خبریں) نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی
مارچ
ابھیشیک بچن کا اہم اعتراف
?️ 10 جولائی 2023سچ خبریں: بالی وڈ میں اداکاری کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے صاحبزادے
جولائی
نماز جماعت پڑھنے پر مقدمہ درج
?️ 30 اگست 2022سچ خبریں:ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر مرادآباد میں ایک گھر میں
اگست