کراچی: (سچ خبریں) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نمبرز پورے ہوں گے تو آئینی ترمیم کا بل منظور ہوگا۔کراچی میں وفاقی اینٹی کرپشن عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قوتوں کو مل کر ملک کے لیے سوچنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ فکر کی ضرورت نہیں، نمبرز پورے ہوں گے، تو بل پیش کریں گے اور ترمیم پاس ہوگی، موجودہ حالات کا حل انتخابات نہیں ہیں، اس سے اور مسائل پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے میرے او پر کیس بنایا آج ہم 2 ووٹ یہاں پر موجود ہیں اگر ہم جائیں گے تو وہ پاس ہوجائے گا، ہم نے دل بڑا رکھا ہوا ہے اور آج ہم ان کو ووٹ دینے جارہے ہیں تو اس لیے ہم نے اپنی ذات سے ہٹ کر ملک کا سوچنا ہے۔
گورنر راج کے حوالے سے سوال پر سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ گورنر راج کے حق میں نہیں ہیں، تو یہ اس وقت کے تقاضوں کے مطابق ہوگا کہ کیا فیصلہ ہوتا ہے اور یہ چیئرمین سینیٹ کا نہیں حکومت کا کام ہے کہ وہ اس کا فیصلہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں اگر عوام مطمئن ہے تو ہم بھی ان کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم پیش کیے جانے کا امکان ہے، مجوزہ قانون سازی کے لیے قومی اسمبلی میں 224 ووٹ درکار ہیں جبکہ حکمران اتحاد کے پاس 12 ووٹ کم ہیں، اگر جے یو آئی (ف) کی قیادت میں مولانا فضل الرحٰمن مجوزہ قانون سازی کی حمایت کرتے ہیں تو حکومت کو مزید 4 سے 5 ووٹ درکار ہوں گے۔
اپوزیشن جماعتوں کے قومی اسمبلی میں کل 91 نشستیں ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) 80، جمعیت علمائے اسلام (ف) 8 جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے پاس ایک، ایک نشست ہے۔