اسلام آباد: (سچ خبریں) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شناختی کارڈ نہ بنوانے والوں کیلئے سخت وارننگ جاری کر دی،حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کیلئے 18 سال کی عمر مکمل کرنے پر قومی شناختی کارڈکا حصول لازمی ہے،نادرا آرڈیننس 2000 کے سیکشن 9 (1) کے تحت 18 سال کی عمر کے بعد 90 دن کے اندر شناختی کارڈ کیلئے درخواست دینا ضروری ہے۔
بروقت درخواست نہ دینے پر نادرا آرڈیننس کے سیکشن 30 (e) کے مطابق 6 ماہ تک قید بامشقت یا 50,000 روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے ملک بھر میں15جنوری سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ اورچہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی نئی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان نادرا کے مطابق نادرا کی جانب سے ہیڈکوارٹرز میں بائیومیٹرک اور شناختی تصدیقی نظام میں بہتری سے متعلق امور پر ایک مشاورتی کانفرنس کا اہتمام کیا گیاتھا جہاں مختلف شعبوں کے ریگولیٹرز اور متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی تھی۔
کانفرنس کے آغاز میں چیئرمین نادرا نے شناختی تصدیق کے نظام کے تحت مختلف شعبوں میں پیش آنے والی مشکلات اور انہیں دور کرنے اور نظام میں جدت لانے کے تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔ترجمان کا کہناتھا کہ انگلیوں کے مدھم نشانات والے شہریوں بالخصوص پنشنرز اور بزرگ شہریوں کو تصدیق میں پیش آنے والے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاتھا۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کانفرنس کے دوران شناخت کی تصدیق میں درپیش مشکلات اور نادرا کی جانب سے ریگولیٹرز اور شہریوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیاتھا۔شرکا نے آنکھوں کے نشانات کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے فوائد اور شہریوں اور اداروں کیلئے پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات پر سیرحاصل گفتگو کی تھی۔
ورکشاپ کے شرکا نے بائیومیٹرک نظام سے متعلق نئے منصوبوں اور اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے باہمی اشتراک اور تعاون کو مستحکم بنانے پر زوردیا۔آنکھوں کے نشانات کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے فوائد اور شہریوں اور اداروں کیلئے پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات پر گفتگو کی تھی۔