لاہور: (سچ خبریں) ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا اعلان آج ہو گا۔واضح رہے کہ امیر کے انتخاب کے لیے صدر انتخابی کمیشن نے رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمٰن شامل ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق قیصر شریف کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کے لیے ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے، صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم اعلان کریں گے۔
ترجمان جماعت اسلامی نے بتایا کہ نئے امیر جماعت اسلامی کی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی، امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوی تقاضا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی کا انتخاب آئندہ پانچ سال کے لیے ہو رہا ہے، جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی ہے۔
قیصر شریف نے بتایا کہ ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا، امیر جماعت کے لیے تین ناموں میں سراج الحق ، لیاقت بلوچ ، حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اراکین جماعت ان تین کے علاوہ بھی کسی کو ووٹ کاسٹ کر سکتے تھے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے بتایا کہ سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں۔