اسلام آباد (سچ خبریں) ملک میں ماہانہ17ہزار کمانے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 21 فیصد تک پہنچ گئی، بجلی دالوں، فروٹ اور لکڑی سمیت17اشیاء مہنگی ہوگئیں، 15اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے ملک بھر میں مہنگائی کا پارہ 19 فیصد کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا، ماہانہ17ہزار کمانے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 21 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔
ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ان میں اشیاء میں بجلی، دالیں، کیلے اور لکڑی سمیت دیگر اشیاء مہنگی ہوگئیں، رواں ہفتے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں7 پیسے، دال مسور فی کلو 7 روپے 98 پیسے، دال مسور فی کلو 194 سے بڑھ کر 202 روپے 20 پیسے مہنگی ہوگئی ہے۔
اسی طرح رواں ہفتے 15 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ان میں آلو 8 روپے 74 پیسے فی کلو، برائلر مرغی فی کلو12روپے 39 پیسے، ٹماٹر کی فی کلوقیمت 10 روپے 77 پیسے کم ہوئی۔ اسی طرح 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، ان میں تازہ دودھ ، دہی ، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔دوسری جانب نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق مہنگائی اور ٹیکس میں اضافے کے باعث کھیلوں کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے۔
کھلاڑیوں کو سامان خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے اورکھیلوں کی دکانیں بھی ویران ہورہی ہیں۔ ملک میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کے باعث کھیلوں کے سامان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بیٹ، بال، پیڈز، گلوزسمیت ٹینس،اسکواش، بیڈمنٹن ریکٹس کی قیمتوں میں بھی 100 سے 200 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ نوجوان نے کہا کہ کھیل کے میدان آباد رکھنے کیلیے سامان کی قیمتوں میں کمی لانا ہوگی۔ کھیلوں سے وابستہ افراد کا ماننا تھا کہ لوگوں میں کھیلوں کا شوق کم ہونے کی ایک وجہ مہنگائی بھی ہے۔