اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جمعہ کو 6 روپے تک کے اضافے کا خدشہ ہے جس سے پٹرول ملکی تاریخ میں پہلی بار150روپے فی لٹر ہونے کا امکان ہے، پیٹرول کی قیمت میں 5.25 ، ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے سبب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آئل ریفائنریز کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے کے سبب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بڑھنے کا خدشہ ہے۔
امریکی خام تیل 2 ڈالر اضافے سے 81 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل ایک ڈالر 70 سینٹ اضافے سے 83 ڈالر 70 سینٹ میں فروخت ہورہا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر مقامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کی سفارش پر وزیراعظم تیل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ سال نو کے موقع پر اوگرا کی جانب سے پیٹرول 3 روپے 2 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سمری ارسال کی گئی تھی پیٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 3روپے 2 پیسے مہنگا کرنےکی سمری پر عمل کرنےکے بجائے فی لیٹر پیٹرول 4 روپے مہنگا کیا تھا۔