لاہور(سچ خبریں) ملتان میں بھی کورونا ویکسی نیشن سینٹر پر ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی، جس کے نتیجہ میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے اس سے قبل صوبہ پنجاب میں کورونا ویکسین کی قلت کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں کرونا ویکسی نیشن سینٹر پر ویکسی نیشن کی پہلی خوراک ختم ہوگئی۔ چینی ویکسین سائنو فارم کی پہلی خوراک 4 روز سے موجود نہیں۔سینٹر کے انچارج کا کہنا ہے کہ سائنو فارم کی دوسری خوراک اسٹاک میں موجود ہے۔
دوسری جانب بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے، قائد اعظم ویکسی نیشن سینٹر پر بیرون ملک جانے والوں کا رش ہے۔اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی ویکسین کی قلت دیکھنے میں آئی تھی۔
چند روز قبل جاری ایک رپورٹ میں پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔اس سلسلے میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈر ہیلتھ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 3 دن میں مقررہ ٹارگٹ کا 40 فیصد ہدف مکمل ہوا، گوجرانوالہ میں ویکسین لگانے کی کارکردگی مایوس کن رہی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف شہروں میں کورونا ویکسین کی کمی کی شکایت کی گئی تھی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے کہا تھا کہ کورونا ویکسین کی کمی وقتی ہے ، جلد دور کرلیں گے ۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 2 ہزار سے زائد ویکسی نیشن سینٹرز ہیں ، ان میں سے جن سینٹرز میں زیادہ رش ہوتا ہے صرف وہاں پر ویکسین کی کمی ہے ، دنیا بھر میں ویکسین کی کمی ہے ، اس کے باوجود ہم ویکسین کی اضافی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔