لاہور(سچ خبریں) صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جاں بحق ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے جن میں شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔آگ لگنے کی وجہ تابحال معلوم نہیں ہو سکی، خاندان کے واحد بچ جانے والے شخص کا کہنا ہے کہ یہ انتقامی کاروائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے جہانیاں میں گھر میں آگ لگنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر نے اموات کی تصدیق کردی۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق افراد میں 4 بچے، 2 خواتین اور 1 مرد شامل ہے۔ مرنے والوں میں 65 سالہ محمد نواز، 35 سالہ خورشید مائی، 19 سالہ فوزیہ مائی، 10، 12، اور ڈھائی سال کے بچے جبکہ 2 ماہ کا شیر خوار بچہ شامل ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔دوسری جانب خاندان کے واحد بچ جانے والے شخص کالا خآن نے اسے انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی، پسند کی شادی پر میرے سسرالی رشتہ دار خوش نہیں تھے
کالا خان نے الزام عائد کیا ہے کہ میرے خاندان کو جلا کر قتل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں کالا خان کی بیوی اور شیر خوار بچی بھی شامل ہے، خاندان کو جلائے جانے کے الزام کی بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جارہا ہے۔