(سچ خبریں)وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاہے کہ ہے وزیراعظم کے اعلانات سے پرچی سے بننے والے پارٹی چیئرمین کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مراد سعید نے بلاول زرداری کو جواب میں کہا کہ سندھ میں تین نسلوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔ سندھ بھر میں اسکول ، اسپتال، سڑکیں تباہ ہیں۔ بتائیں پندرہ سال میں آپ نے سندھ کے لیے کیا کیا ہے جو آج آپ کوعوام کی فکر کھائے جا رہی ہے
ایک تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے کہاکہ فرزند زرداری نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔ سندھ پولیس میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کیا گیا۔ عمران خان کے دور میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ ابھی آپکے سیکھنے کے دن ہیں۔ پہلے کونسلر کا الیکشن لڑ کر خود کو ثابت کریں۔
مراد سعید بولے وزیراعظم نے کل عوام کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کیا۔ بڑے اعلانات کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔ کورونا سے بہترین حکمت کے ساتھ نمٹنے پر دنیا نے عمران خان کے اقدامات کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا ماضی میں پاکستان پوسٹ کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا۔ ہمارے افسروں کو علم ہے کہ پاکستان پوسٹ کو کن کن چیلنجز کاسامنا رہا۔ پاکستان پوسٹ کی نئی سروس کا آغاز بہت بڑا اقدام ہے۔ ہم پاکستان پوسٹ میں جدت لے کر آئے، عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے ملک بھر میں ایک لاکھ ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں تک رسائی اور نجی شعبے سے مقابلے کیلئے سات سو پچاس ڈیجیٹل فرنچائز ڈاک خانے پہلے ہی قائم کئے جا چکے ہیں۔