اسلام آباد: (سچ خبریں) حکومت نے محرم الحرام کے دوران پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق فیصلہ چاروں صوبوں کی درخواست پر کیا گیا۔
وزارت داخلہ نے فوج کی تعیناتی سے متعلق نوٹیفیکشین جاری کر دیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پاک فوج سول آرمڈ فورسز کے ہمراہ مل کر کام کرے گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب ،سندھ، کے پی کے،بلوچستان، جی بی ، آزاد کشمیر میں فوج تعینات رہے گی۔
فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیا گیا۔اسلام آباد میں بھی فوج تعینات رہے گی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے نویں اور دسویں محرم الحرام پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فوج اور رینجرز کے دستے طلب کیے تھے۔پنجاب حکومت نے مذکورہ دونوں ایام میں ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لئے چار ہیلی کاپٹر کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے کہاہے کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ الرٹ ہے۔
ڈی سی کے مطابق منعقدہ مجالس کی سیکیورٹی کے لئے جامع پلان مرتب کیا گیا تھا جس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی کے مطابق مجالس انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ پلان کے مطابق اسلام آباد میں 965مجالس منعقدہونگی۔ ڈی سی نے کہاکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،ایس ایس پی آپریشنز ، ایس ایس پی ٹریفک ، اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس تمام مجالس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ڈی سی نے کہاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئیپولیس اور دیگر سیکیورٹی اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈی سی نے کہاکہ مجالس انتظامیہ کو ہدایات ہیں کہ تمام مجلسیں متعین کردہ اوقات پر اختتام پذیر ہوں۔ ڈی سی نے کہاکہ اشتعال انگیزی پھیلانے اورقانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔