لاہور: (سچ خبریں) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف درج 3 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔
لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کے لیے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف انسداد دہشتگری کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں اُن کی درخواست پر جج اعجاز بٹر نے سماعت کی۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ’عمران خان عدالت کے سامنے موجود ہیں‘۔
جج نے ہدایت دی کہ ’عدالتی عملہ عمران خان کی حاضری کا پروسیجر مکمل کرے‘۔
بعدازاں عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو ایک، ایک لاکھ کا مچلکہ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت 4 اپریل تک منظور کرلی اور پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔
جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ہدایت دی کہ ’آپ نے کسی بھی تاریخ پر غیر حاضر نہیں ہونا اور آپ شامل تفتیش بھی ہوں‘۔
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ ’آئندہ اتنے لوگوں کے ساتھ کیس نہیں سنوں گا‘۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے عبوری ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی تھیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں ،پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کو گرفتاری سے روکے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف تھانہ ریس کورس میں دہشتگردی دفعات کے تحت تین مقدمات درج ہیں۔