اسلام آباد (سچ خبریں) فواد چوہدری نے کہا کہ ‘ہمارے خرچے زیادہ تھے، آمدنی کم تھی، جس کی وجہ سے پاکستان میں ایک معاشی بحران پیدا ہوگیا تھا اور ہم قرضوں پر قرضے لیے جارہے تھے اور اپنا ملک چلا رہے تھے، ان تین سالوں میں وزیر اعظم عمران خان کا جو سب بڑا کردار ہے وہ یہ ہے کہ ہم نے پاکستان کی معاشی سمت تبدیل کی ہے، ہم پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 کروڑ ڈالر سے صفر پر لائے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان میں صنعتیں بند ہوگئی تھیں جنہیں ہم نے دوبارہ زندہ کیا ہے، ہماری زرعی ترقی بالکل رک گئی تھی ہم نے اسے بہتر کیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں چار بڑی فصلوں کی پیداوار بڑھی، پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ گندم پیدا ہوئی، پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی گنے کی فصل ہوئی، ہم نے زراعت کو بہتر کیا، ہم اپنے قرضوں میں بہتری لے کر آئے اس میں جو ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہے اس کو ہم نے صفر کیا اور اب ہم آگے بڑھ رہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘جو ہماری روز مرہ استعمال کی چیزیں ہیں اب ان میں استحکام نظر آرہا ہے، آج ہم آپ کے سامنے نئی خوشخبری لے کر آئے ہیں جس سے گاڑیوں کی قیمت میں کمی ہوگی، ہم نئی آٹو پالیسی کے نکات سامنے رکھیں گے، اس کے نتیجے میں ہمارے متوسط طبقے کے جو مسائل ہیں جن کا ہم نے مشاہدہ کیا ہے اور جو لوگ پہلی بار گاڑیاں لے رہے ہیں ان کے لیے خصوصی اقدام اٹھایا گیا ہے۔