ملتان(سچ خبریں) وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کے نجی اسپتال میں غلط سرجری کے باعث 16 مریضوں کے بینائی سے محروم ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیقات اورذمہ داران کیخلاف کارروائی کاحکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان کے نجی اسپتال میں آنکھوں کی غلط سرجری کے باعث 16 افراد کی بینائی سے محروم ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔عثمان بزدار نےسیکرٹری صحت اور کمشنر ملتان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے محکمہ صحت کوواقعےکی تحقیقات اورذمہ داران کیخلاف کارروائی کاحکم دے دیا۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ واقعےکی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور ذمےداروں کاتعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا حقائق منظرعام پرلائےجائیں اور بینائی سےمحروم افرادکی دادرسی کے ساتھ ساتھ ان کے علاج پرخصوصی توجہ دی جائے۔
یاد رہے ملتان کے علاقے لاڑ میں واقع نجی شعبے کے اسپتال لئیق رفیق میں گزشتہ دنوں 20 افراد نے حکومت کیجانب سے فراہم کردہ صحت کارڈ کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے آنکھوں کی سرجری کروائی تاہم آپریشن کے اگلے ہی روز 20 میں 16 مریضوں کی آنکھوں شدید نوعیت کا انفیکشن ہوگیا اور یکے بعد دیگر متاثرہ مریضوں کی بینائی چلی گئی۔
دوسری جانب میڈیا پر معاملہ سامنے آنے پر وزیرِاعلیٰ کی ہدایت پر بنائی گئی 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی ملتان پہنچ گئی جس نے اسپتال کے عملے اور آپریشن کرنے والے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے بیان ریکارڈ کر لیئے۔