عمران کے تمام حربے ناکام ہوئے تو اس کو بچانے نئی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ آگئی، مریم نواز

?️

اسلام آباد:(سچ خبریں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب عمران خان کی حکومت گئی، اس کا لانگ مارچ، جیل بھرو تحریک، نئے چیف آف آرمی اسٹاف کے تقرر کو روکنے کی سازش ناکام ہوئی اور اسمبلیاں توڑنے کا حربہ ناکام ہوا تو اس کو بچانے نئی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ آگئی ہے۔

لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کچھ چہرے پرانے ہیں اور کچھ نئے شامل ہوگئے ہیں اور سب کا آپس کا مفاد ہے جس میں نواز شریف فٹ نہیں ہوتے کیونکہ وہ نہ کھاتے ہیں اور نہ ہی کھانے دیتے ہیں جبکہ یہ گروہ کھاتا بھی ہے کھلاتا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جب عمران خان کا ہر حربہ ناکام ہوا تو بچانے کے لیے تین رکنی بینچ آگیا، آج ملک جو بھی آئینی اور قانونی ہچکولے کھا رہا ہے اور جو مسائل پیدا ہوئے ہیں اس کا ذمہ دار وہ متنازع ازخود نوٹس ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جو مقدمہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت تھا اس کو زبردستی تین رکنی بینچ اپنے پاس کھینچ کر گیا، آج ملک کی معاشی ترقی رک گئی ہے مگر ملک کو زبردستی کے مسائل میں الجھایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک معزز جج نے کہا تھا کہ الیکشن کا فیصلہ کرنے سے پہلے اس بات کو دیکھنا ہوگا کہ اسمبلی کیوں توڑی گئی، اس وقت اسمبلی بدنیتی سے توڑی گئی کیونکہ پرویز الہٰی اسمبلی توڑنا نہیں چاہتے تھے لیکن زبردستی ان سے اسمبلی توڑنے کو کہا گیا۔

ان کا کہنا تھا اصل بات کا بھانڈا خود اس فتنہ خان نے پھوڑا کہ حکومت ختم ہونے کے بعد ایوان صدر میں اس کی اس وقت کے آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی تھی اور صدر کی موجودگی میں جنرل (ر) باجوہ نے اسمبلیاں توڑنے کا کہا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ آج یہ سوال کرنا بنتا ہے کہ کس منصوبے کے تحت آپ کو کہا گیا کہ اسمبلی توڑیں اور بات یہاں ختم نہیں ہوتی، بات یہ بھی ہے کہ اسمبلی توڑی جائے گی اور سپریم کورٹ میں سہولت کار بیٹھے ہیں جو الیکشن آپ کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سازش کی وجہ سے جو ناانصافیاں ہوئیں، جس طرح سے سو موٹو لیے گئے، قانون، انصاف، آئین کا تماشا بنایا گیا اس میں صرف عوام اور سیاستدان نہیں بولے بلکہ سپریم کورٹ کے ججز بھی بول اٹھے۔

مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اتنی بڑی جنگ شروع ہوگئی کہ پاکستانی قوم کا سر شرم سے جھک گیا اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز نے اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی اور پھر بار کونسلز نے بھی اس پر آواز اٹھائی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے تو یہ سامنے آنا چاہیے کہ جنرل (ر) باجوہ جس کو آپ میر جعفر اور غدار کہتے تھے ان کے کہنے پر آپ نے اسمبلیاں کیوں توڑی، منصوبہ صرف اسمبلیاں توڑنے تک نہیں تھا بلکہ منصوبہ یہ بھی تھا کہ تم اسمبلیاں توڑو تین رکنی بینچ تمہیں الیکشن دے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج جب اکتوبر میں نئے انتخابات ہونے جارہے ہیں تو جو لوگ آر ٹی ایس نہیں بٹھا سکتے انہوں نے عمران خان کو لانے کا یہ منصوبہ بنایا ہے لیکن یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار عمران خان کو لانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے، قدرت کا مکافات عمل ہے کہ جس شخص نے نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزیر اعظم کے دفتر سے نکالا آج اس کا بیٹا ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی رشوت لیتے پکڑا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار بتائے کہ ایک ٹکٹ کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لیے ہیں تو پاناما کیس میں نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے پر کتنے لیے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تین رکنی بینچ سے پوچھتی ہوں کہ آپ کس کے لیے کر رہے ہیں، ایک ایسے شخص کے لیے جس کے پاس نہ کردار ہے نہ کارکردگی، مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کی جنگ شہباز شریف کے لیے نہیں بلکہ اگلی تقررریاں روکنے کے لیے ہے کیونکہ یہ گروہ سمجھتا ہے کہ اگر ان کا بندہ نہیں آیا تو ان کی پوچھ گچھ شروع ہو جائے گی، لہٰذا یہ سب عمران خان سمیت احتساب سے بچنا چاہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حوالے سے لائے گئے قانون پر ان (ججز) کو اس لیے تکلیف ہے کیونکہ یہ آپ کے ون مین شو اور ناانصافیوں کو ختم کرتا ہے، آپ جو مرضی کرلیں، آئین نے پارلیمان کو یہ حق دیا ہے کہ وہ اس ملک کی بہتری کے لیے قانون سازی کرے اور وہ قانون سازی کرکے بھی رہے گی جن پر آپ کو عملدرآمد بھی کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو پارلیمان، آئین اور قانون کا فیصلہ تسلیم کرنا پڑے گا اور اس ملک کے منتخب نمائندوں کو فیصلہ ماننا پڑے گا اور پارلیمان اپنا فیصلہ تسلیم کروا کر رہے گی کیونکہ اس ملک کا آئین بھی سپریم ہے اور اس آئین نے جس پارلیمان کو طاقت دی ہے وہ بھی سپریم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہذب معاشرے میں اگر کسی شخص کے خلاف اتنے الزامات اور ثبوت سامنے آتے تو وہ عزت سے مستعفی ہو کر گھر بیٹھتا لیکن یہ آج بھی وہیں بیٹھے ہوئے ہیں۔

مشہور خبریں۔

سنگال کا اپنے ملک سے فرانسیسی فوجی اڈوں کے خاتمے کا مطالبہ

?️ 30 نومبر 2024سچ خبریں:سنگال کے صدر مکی سال نے اپنے ملک میں فرانسیسی فوجی

ماموں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا میرا نہیں ہوا

?️ 25 دسمبر 2022لاہور: (سچ خبریں) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء چودھری مونس الٰہی نے کہا

امریکا کے ساتھ ہر طرح کی جنگ کے لیئے مکمل طور پر تیار ہیں: شمالی کوریا

?️ 19 جون 2021پیانگ یانگ (سچ خبریں) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے

ساتویں بار ٹرمپ کے جنگی اختیارات کو محدود کرنے کے لیے ووٹنگ

?️ 12 مئی 2026 سچ خبریں:چک شومر، رہنما ڈیموکریٹس ایوانِ بالا (سینیٹ) نے اعلان کیا

یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو الیکشن کی حکمت عملی سے آگاہ کیا

?️ 24 فروری 2021اسلام آباد {سچ خبریں} احتساب عدالت لاہور میں پنجاب کے سابق وزیر

عوامی مجلس عمل کی طرف سے میرواعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی مذمت

?️ 17 مئی 2024سرینگر: (سچ خبریں) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر

چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کے ساتھ ایک نیا ادارہ بنایا جا رہا ہے۔ رانا ثناءاللہ

?️ 1 دسمبر 2025اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے

کشمیری کل بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منائیں گے

?️ 25 جنوری 2024سرینگر: (سچ خبریں) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے