اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے خلاف زیرالتوا مقدمات اور سزا سے بچنے کے لیے ریاستی اداروں میں انتشار بھیلانے چاہتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے عمران خان کے آڈیو کلپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی آڈیو لیکس نے ریاستی اداروں کے خلاف سازش کو بے نقاب کردیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سفارتی سائفر میں ترمیم ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، قومی سلامتی کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مقبول رہنما ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ قانون سے مستثنیٰ ہوجائیں، قانون سب کے لیے برابر ہے۔
وزیر اعظم نے عمران خان کی ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو چور رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے وہ سزا سے بچنے کے لیے ریاستی اداروں کو بدنام کر رہا ہے، عوام میں بدامنی پھیلانے کے بعد سازشی (عمران خان) ریاستی اداروں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
شہباز شریف کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب وفاقی کابینہ نے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی آڈیو لیکس پر تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ایف آئی اے حکام پر مشتمل کمیٹی سائفر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے الزام پر عمران خان کے خلاف تحقیقات کرے گی۔
عمران خان کے حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ریڈ زون کا دفاع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رانا ثنااللہ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ عمران خان اور ان کے حامی اس بات سے بےخبر ہیں کہ اگر انہوں نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ان کا کیا حال ہوگا۔