اسلام آباد: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عدت میں نکاح کے کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس دوسری عدالت کو ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے، جس کے بعد عدالت کی جانب سے کیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت کو ٹرانسفر کردیا گیا، اب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں سنیں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عدت نکاح کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کوخط لکھا تھا ،خط میں جج شاہ ارجمند نے کیس دوسری منتقل کرنے کی استدعا کی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے خاور مانیکا کی جانب سے کیس منتقل کرنے کی استدعا کے حوالے سے ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط کہا کہ’ کیس کے مدعی خاور مانیکا نے عدالت میں مجھ پر عدم اعتماد کیا ہے، مدعی مقدمہ خاور مانیکا نے کھلی عدالت میں عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے ، مدعی کی اسی طرح کی ایک اپیل پہلے بھی مسترد ہوچکی ہے، مدعی مقدمہ اور ان کے وکیل کیس میں بلاوجہ تاخیر کے مرتکب ہوئے ہیں، خاورمانیکا اور ان کے وکلاءنے ہمیشہ سماعت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، اعتراض کے بعد درخواست کی جاتی ہے اس کیس کو کسی اور جج کے پاس ٹرانسفر کیا جائے، ہائیکورٹ ان اپیلوں کو نمٹانے کیلئے ٹائم فریم فکس کرے۔