اسلام آباد (سچ خبریں) ملک بھر میں کورونا کی صورتحال خطرناک اور تشویشناک ہو گئی ہے ،گذشتہ سال جون کے بعد سے ایک ہی دن میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد مجموعی تعداد 15 ہزار700 سے تجاوز کرگئی۔سب سے زیادہ پنجاب میں ریکارڈ کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کی صورتحال خطرناک صورتحال اختتار کر گئی ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنیٹر نے کورونا سے متعلق تازہ اعدادو شمار جاری کیے ہیں۔جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں24گھنٹے میں135کورونامریض انتقال کرگئے، یومیہ اموات کی یہ تعداد گذشتہ برس جون کے بعد سب سے زیادہ ہے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار754 تک پہنچ گئی۔
این سی اوسی کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں ملک میں 48ہزار92کورونا ٹیسٹ کیےگئے، جن میں سے 4ہزار681 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور مثبت کورونا کیسزکی شرح9.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ملک میں فعال کیسز کی تعداد 76 ہزار 757 ہوگئی جبکہ اب تک ملک میں 6 لاکھ41 ہزار912افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
اعدادو شمار کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ریکارڈ کی گئی ، جہاں7 ہزار 141افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا 2 ہزار732، اسلام آباد 619، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 219 اور آزاد کشمیر میں 410 افراد جاں بحق ہوئے۔