راولپنڈی (سچ خبریں) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی اہم کاروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) کا کمانڈر صفی اللہ ہلاک ہوگیا۔ صفی اللہ کا تعلق میر علی سے تھا اور وہ فروری میں غیر سرکاری تنظیم کی 4 خواتین کے قتل میں ملوث تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کیا جس میں ٹی ٹی پی کا دہشتگرد مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق صفی اللہ کا تعلق میر علی سے تھا اور وہ فروری میں غیر سرکاری تنظیم کی 4 خواتین کے قتل میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشت گرد صفی اللہ 2020 میں ایف ڈبیلیو او کے انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔سیکیورٹی فوسرز نے آپریسن میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل 16ستمبر کو پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی آپریشن کیا گیا۔
دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کیا گیا۔اس دوران دہشت گردوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے سے دہشت گردوں کے صفایا کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا ۔ اس سے قبل بھی 15ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور 5 دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے۔ جبکہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوان بھی شہید ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ پاک فوج کا ملک بھر میں دہشتگردوں اور سہولتکاروں کیخلاف آپریشن ردالفساد کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔