پشاور: (سچ خبریں) محکمہ انسداد دہشتگردی پشاور ریجن ٹو نے اہم کارروائی کی اور جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے تخت بیگ چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث 7 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 19 جنوری 2023 کو نا معلوم خودکش بمبار نے تخت بیگ چیک پوسٹ پر فائرنگ اور خودکش دھماکا کیا تھا جس کے نتیجہ میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک پرائیوٹ ملازم جاں بحق ہو گیا تھا۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ وقوعہ ہذا کا مقدمہ پشاور سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا تھا جس کی تفتیش کے دروان ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگا، تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے استوار کرکے دہشت گردوں کے خلاف منظم کارروائیاں کی گئیں۔
بیان کے مطابق سی ٹی ڈی نے 23 جنوری کو جمرود میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرکے تخت بیگ چیک پوسٹ خودکش دھماکے کے مرکزی ملزم کمانڈر ستانہ جان شیخ کو ہلاک کرکے اس کے قبضہ سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر اہم دستایزات برآمد کیے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مزید چار ملزمان حمداللہ ولد بیت اللہ، فضل امین ولد نیاز محمد، فضل احمد اور محمد امیر پسران زر محمد کو گرفتار کیا گیا، اس کے بعد ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران وقوعہ ہذا میں ملوث 3 مزید ملزمان فرمان عرف میجر ولد دورانی، عبدالقیوم عرف عثمان ولد عقل میر اور عنایت اللہ عرف باتور ولد بیت اللہ کو گرفتار کیا گیا۔
محکمہ انسداد دہشتگردی کا کہنا ہے کہ وقوعہ ہذا میں ملوث 2 مزید ملزمان کی گرفتاری کی کو ششیں جاری ہیں۔