ضلع خیبر: (سچ خبریں) سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی حساس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی بر آمد کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا تھا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 22 اور 23 اپریل کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس کارروائی سے ایک روز قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز کیے، انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا جہاں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن ڈیرہ اسمٰعیل میں کیا گیا جہاں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔