لاہور (سچ خبریں) سیالکوٹ واقعہ میں ملوث مزید 7 ملزمان گرفتارکر لئے گئے گذشتہ بارہ گھنٹوں میں پنجاب پولیس نے سیالکوٹ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیاہے، گرفتاریاں سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے کی گئیں، مذکورہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کا ایکشن جاری ہے ، مزید سات ملزمان کوگرفتارکرلیا گیا ، جس کے بعد ملزمان کی کل تعدادایک سو اکتیس ہوگئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تفتیش سائنٹفک انداز سے کی جارہی ہے، ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گزشتہ بارہ گھنٹے میں عمل میں آئی ۔
اب تک کی تحقیقات کے مطابق ایک سو چوبیس زیرحراست افراد میں سے چھبیس ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے جبکہ زیر حراست افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل جاری ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے اپنے بیان میں کہا وزیراعلی اور آئی جی پنجاب تحقیقات کو مانیٹر کر رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب نےپراسیکیوشن کا ٹاسک سیکرٹری پراسکیوشن کوسونپا ہے۔
یاد رہے تھانہ اگوکی میں سیالکوٹ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ، مقدمے میں انسداد دہشت گردی،اقدام قتل کی دفعات شامل کیں تھی ، اس کے علاوہ مقدمے میں قتل کی منصوبہ بندی، نعش کی بےحرمتی سمیت دیگردفعات بھی شامل ہیں۔ایف آئی آرمیں800سے900نامعلوم ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔