پشاور (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق خاتون آفیسر کو شہریوں نے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے پکڑا، واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ سمیت صوبائی الیکشن کمشنر پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پولنگ کے ایک دن پہلے ہی دھاندلی کی زد میں آ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہریوں نے خاتون پریزائیڈنگ آفیسر کو بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون آفیسر کی جانب سے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کی خبر سامنے آنے پر صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ اور دیگر افسران ضلعی انتطامیہ کے ہمراہ پولنگ سٹیشن پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ عملے کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔ ضلعی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کو قبضے میں لے لیا گیا ہے جن میں سے زیادہ تر بیلٹ پیپرز محفوظ ہیں۔ دوسری جانب واقعے پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی گفتگو میں صوبائی زیر کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر الیکشن کمیشن کو اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے۔ انہوں نے واقعے کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے اسے حکومت کو بدنام کرنے کی ایک کوشش کہا ہے۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرز پر سرعام ٹھپے کیسے لگائے جا سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ آزادانہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔