اسلام آباد(سچ خبریں)وفاق سے تحریک انصاف کی حکومت جانے کے بعد اب سینیٹ میں بھی بڑی تبدیلی رونما ہونے جارہی ہے۔سینیٹ قائد ایوان کی نشست وفاقی حکومت کے لئے مختص ہوتی ہے۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف بھی تبدیل ہوجاتے ہیں۔
تحریک انصاف کی حکومت میں ڈاکٹر وسیم شہزاد سینیٹ میں قائد ایوان رہے جب کہ قائد حزب اختلاف کے منصب پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی فائز ہیں۔
سینیٹ قائد ایوان کی نشست وفاقی حکومت کے لئے مختص ہوتی ہے۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف بھی تبدیل ہوجاتے ہیں۔
گزشتہ رات قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہے، جس کے بعد ڈاکٹر وسیم شہزاد قائد ایوان کا عہدہ اب اپنے پاس نہیں رکھ سکتے۔
قواعد کے مطابق برسر اقتدار آنے والی جماعت اپنی پارٹی یا اتحاد سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز میں کسی کو قائد ایوان نامزد کرے گی جب کہ تحریک انصاف کو قائد حزب اختلاف کا منصب ملے گا۔چیئرمین سینیٹ کو حکومت اور حزب اختلاف بھی جانب سے باضابطہ طور پر ناموں سے آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سینیٹ میں عددی اعتبار سے بھی تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کو برتری حاصل نہیں۔سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے لیکن بی اے پی کے 5 میں سے 4 ارکان قومی اسمبلی موجودہ اپوزیشن قیادت سے جاملے ہیں۔