اسلام آباد:(سچ خبریں) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پوری قوم الیکشن کاانتظارکر رہی ہے، جمہوریت کوڈی ریل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
بلاول ہاؤس کراچی میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، زلزلے، سیلاب کے باوجود الیکشن ہوئے ہیں، پاکستان میں جو صورتحال بن رہی ہے اس پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سینیٹ کاکورم پورا نہ ہونے کے باوجود قرارداد منظورکی گئی، سینیٹ میں بیٹھے 12 لوگوں نے عوام کے ساتھ مذاق کیا۔
نثارکھوڑو کا کہنا تھا کہ الیکشن معطل نہیں ہوں گے، عوام کو الیکشن سے دور رکھنا غیرآئینی ہے، الیکشن معطل کرانے کی مذموم کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔
اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما اور پاک سرزمین پارٹی سے حالیہ دنوں میں پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے رضا ہاروں نے کہا کہ آصف زرداری کا کراچی کے لیے جذبہ اور خواہشات دیکھ کر متاثر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کراچی کے نام پر نہیں بلکہ کراچی کے لیے سیاست کرناچاہتے ہیں، آصف زرداری سے نومبر کے شروع میں ہماری ملاقات ہوئی تھی، سیاسی مفادات کے لیے سندھی اور مہاجر میں تفریق پیدا کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی آبادی کے درمیان خلیج کو کم کیا جائے۔
رضا ہارون نے کہا کہ کراچی کی ایسی سیاست نہیں ہو رہی، جیسی ہونی چاہیے، مجھے زرداری صاحب سے مل کر خوشی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری جب نائن زیرو آئے، تو اپنی ٹوپی فاروق ستارکو پہنائی، یہ اچھی سوچ تھی، نجانے یہ سوچ کہاں چلی گئی۔رضا ہارون نے کہا کہ آنے والا وقت نوجوانوں کا ہے اس وقت بلاول بھٹو نوجوانوں کے لیڈر ہیں۔