تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، وزیراعظم

?️

راولپنڈی: (سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی بھی حکومت آئے جائے لیکن تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی ٹرانسپلانٹیشن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے آج یہاں جدید آپریشنز دیکھ کر خوشی ہورہی ہے جس کے لیے میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کی بنیاد میں نے 2009 میں رکھی تھی، پھر 2013 میں فنڈز مہیا کیے گئے اور اب تک تقریباً 5 ارب روپے یہاں لگ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ہسپتال کو بہت پہلے دکھی انسانیت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا لیکن پچھلی حکومت نے باقی منصوبوں کی طرح اس ہسپتال کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود کورونا وبا کے دوران اس ہسپتال نے بےپناہ خدمات سرانجام دیں کیونکہ عمارت بنی ہوئی تھی، وینٹی لیٹرز بھی موجود تھے اس لیے یہ راولپنڈی میں کورونا کے علاج کا اہم مرکز بن گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) بھی وبا کے دوران کورونا کے علاج کا اہم مرکز بن گیا تھا، وہاں پر سیکڑوں ہزاروں مریضوں کا علاج ہوتا تھا لیکن ایک شخص دن رات کہتا تھا کہ یہ 20 ارب روپے شہباز شریف نے کہاں لگائے؟ یہ پیسے غرق ہوگئے، اس شخص کا نام ثاقب نثار ہے، اگر 20 ارب روپے غرق ہوئے تھے تو پی کے ایل آئی لاہور کا سب سے بڑا کورونا سینٹر کیسے بن گیا تھا؟

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار سیاسی دکان چمکانے کے لیے ہفتہ اتوار کو بھی عدالتیں لگا لیتے تھے، اگر واقعی 20 ارب روپے غرق ہوئے تو آپ نے کیوں عوام کو نہیں بتایا کہ یہ پیسے فلاں فلاں مد میں ہڑپ کرلیے گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ آج بڑی مشکل سے پی کے ایل آئی کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش جاری ہے، ثاقب نثار وہاں اپنے بھائی کو لگوانا چاہتے تھے اور فرشتہ صفت انسان ڈاکٹر سعید اختر کو عدالت میں بلا کر بےعزتی کرتے تھے جو امریکا سے ملین ڈالرز کی تنخواہ چھوڑ کر پاکستان کی خدمت کرنے آئے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجرممنوع قرار دینا چاہیے، کوئی حکومت آئے جائے لیکن تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہوئے بڑی تکلیف ہوتی ہے کہ جن لوگوں نے محنت کرکے کام کیا اور عوام کی خدمت کی انہیں نیب نیازی گٹھ جوڑ نے جیلوں میں پہنچا دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ اس ہسپتال میں دوبارہ زندگی آچکی ہے، خدا کرے دوبارہ کبھی ثاقب نثار جیسے لوگوں کی نظرِ بد نہ لگے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں علاج کی سہولیات کے باقاعدہ آغاز کا افتتاح کیا جہاں انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔

خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے ان کی خیریت اور علاج کی سہولیات بارے دریافت کیا، ڈاکٹرز سے وزیراعظم نے ہسپتال میں مختلف امراض کے علا ج کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پرسابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی سالہا سال سے بند تھا لیکن وزیراعظم کی ہدایت پر فوری اس پر کام کا آغاز کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی قیادت میں صحت کے شعبے میں بہت کام ہوا ہے، 2008 سے پہلے راولپنڈی میں صرف 25 وینٹی لیٹرز تھے جن کی تعداد آج تقریباً 200 ہوگئی ہے، اسی طرح 20ڈائیلاسزمشینیں تھیں جن کی تعداد 100سے بڑھ گئی ہے۔

حنیف عباسی کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح 75 برس میں یہاں پرایم آر آئی کی کوئی مشین نہیں تھی اب 4 مشینیں موجود ہیں، پہلے سالانہ 25 لاکھ ٹیسٹ ہوتے تھے اب پانچوں ہسپتالوں میں ٹیسٹ 41 لاکھ تک پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، راولپنڈی ڈویژن اوردیگر شہروں کے مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، گائنی فلٹر کلینک بھی راولپنڈی کے لوگوں کےلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔

مشہور خبریں۔

انسانی حقوق کے حلقوں کو آل سعود کی جانب سے اپوزیشن کی جاسوسی میں اضافے پر تشویش

?️ 1 مارچ 2023سچ خبریں:انسانی حقوق کے حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ سعودی حکام

عمران خان حریف جماعتوں کے ساتھ کثیرالجماعتی کانفرنس کیلئے تیار

?️ 22 مارچ 2023اسلام آباد:(سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران

وینزویلا میں گزشتہ ہفتے ڈرون حملے کے پیچھے سی آئی اے کا ہاتھ

?️ 1 جنوری 2026 وینزویلا میں گزشتہ ہفتے ڈرون حملے کے پیچھے سی آئی اے

ڈنمارک کی وزیراعظم کا گرین لینڈ کے حوالے سے واضح پیغام

?️ 15 فروری 2026 سچ خبریں:ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس سے

برطانیہ نے یمن کےصوبے شبوا میں فوجیوں کو کیوں زیادہ کیا ؟

?️ 22 اگست 2023سچ خبریں:مغربی ممالک بالخصوص امریکہ اور انگلستان صنعا کی نیشنل سالویشن گورنمنٹ

باخبر امریکی ذرائع نے انکشاف کیا: ٹرمپ نیتن یاہو کے اقدامات سے صبر کا دامن کھو بیٹھے ہیں

?️ 9 مئی 2025سچ خبریں: خطے میں اہم پیش رفت کے حوالے سے امریکی صدر

ٹرمپ انتظامیہ کی روسی پابندیوں کو کمزور کرنے کی کوشش

?️ 7 جون 2025سچ خبریں: واشنگٹن — وائٹ ہاؤس خاموشی سے کانگریس کے سینیٹرز پر

پاک افغان بارڈر ایک ماہ بعد کھول دیا گیا

?️ 2 نومبر 2021چمن(سچ خبریں) پاک افغان باب دوستی بارڈر ایک ماہ کے بعد شہریوں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے